پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے عوامی امیدیں ٹوٹ گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ابوبکرشیخ )پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے عوامی امیدیں ٹوٹ گئیں۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کےفیصلے پر شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ بہت پُر امید تھے کہ پیٹرول کی قیمتیں مزید کم ہونگیں،لیکن سوشل میڈیا پر پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے والی خبریں بے بنیاد نکلیں۔
شہریوں کاکہناہے کہ پیٹرول کی قیمت ایران امریکہ جنگ سے پہلے والے ریٹ پر واپس آنی چاہیے، گزشتہ ہفتے پیٹرول کا ریٹ نیچے آنے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت صارفین تک کوئی بھی فائدہ پہنچانے کیلئےپُرعزم ہے؛وفاقی وزیر پیٹرولیم
شہریوں کاکہناہے کہ امید ہے اگلے ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید کم ہونگی ۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق جاری بحث کے دوران وفاقی حکومت نے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں کے تعین میں توازن اور عالمی حالات کو مدنظر رکھا جا رہا ہے، جبکہ صارفین تک ممکنہ ریلیف پہنچانے کی کوشش جاری ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حکومت نہ کسی مخصوص شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کسی دوسرے طبقے پر غیر ضروری مالی بوجھ ڈالنے کی پالیسی اختیار کر رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت بین الاقوامی ذمہ داریوں اور معاشی تقاضوں کے دائرے میں رہتے ہوئے عوام تک ہر ممکن فائدہ منتقل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دور میں اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200 روپے فی لیٹر کمی کی جا چکی ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 155 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق رواں ہفتے عالمی منڈی میں پیٹرول کی پلیٹس قیمت 98 اعشاریہ 35 ڈالر سے کم ہو کر 91 اعشاریہ 68 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پلیٹس قیمت 109 اعشاریہ 09 ڈالر سے 104 اعشاریہ 79 ڈالر فی بیرل کے درمیان ریکارڈ کی گئی،ان کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی قیمتوں اور ملکی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے تاکہ صارفین اور مختلف شعبوں کے درمیان توازن برقرار رکھا جا سکے۔