وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا 2 روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی 2 روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں، محکمہ داخلہ پنجاب نے خیبر پختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کے لاہور کے دورے کے دوران اُنھیں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا 26 سے 28 دسمبر کے دوران پنجاب کے دورے پر ہیں، جس کے دوران وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا مختلف سرکاری و غیر سرکاری سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا پنجاب اسمبلی کے دورے کے دوران اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات کریں گے، وہ صحافیوں اور طلبہ سے بھی ملاقات کریں گے، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کوٹ لکھپت جیل کا بھی دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے مطابق وزیر اعلی سہیل آفریدی ایک قافلے کی صورت میں بذریعہ موٹروے اسلام آباد سے لاہور پہنچ رہے ہیں۔