ٹریلر نے ایکسائز پولیس اہلکار کو روند ڈالا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) جامشورو میں تیز رفتار ہیوی ٹریلر نے ڈیوٹی پر مامور ایکسائز پولیس کے اہلکار کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے کوٹری آنے والے ایک ہیوی ٹریلر کو ایکسائز پولیس کی ٹیم نے روکنے کی کوشش کی۔
52 سالہ اہلکار امام بخش سومرو نے ٹریلر کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے تیز رفتاری کے ساتھ اہلکار پر چڑھا دی۔
حادثے کے نتیجے میں امام بخش سومرو شدید زخمی ہوئے اور دم توڑ گئے۔
مزید پڑھیں:کراچی کی سڑکوں کو ٹھیک کرنے کیلئے شگفتہ اعجاز کا حکام کو ’’اللہ کا واسطہ‘‘
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریلر کو تحویل میں لے لیا ہے اور ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جاں بحق ہونے والے اہلکار کا تعلق بھان سعید آباد سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔