بچے ہمارا مستقبل، حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے:وزیراعلیٰ سندھ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احسن عباسی)محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے بچوں کے عالمی دن پر واک کا اہتمام کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈ چلڈرنز ڈے آگاہی واک کی قیادت کی۔
واک میں بچوں کے حقوق، تحفظ اور فلاح پر آگاہی دی گئی،وزیراعلیٰ سندھ بچوں میں گھل مل گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بچوں کی محبت اور تربیت دنیا کو خوبصورت بناتی ہے ،ہر بچہ محفوظ، مطمئن اور بااختیار ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی واک بچوں کی آواز مضبوط کرنے کی کوشش ہے، سندھ حکومت نے بچوں کے حقوق پر مؤثر قانون سازی کی ہے لیکن عملدرآمد پر مسائل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عوام کیلئے خوشخبری، پابندی ختم،سونے سے متعلق اہم خبر آ گئی
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کل کے اجلاس میں لوگوں نے بہت سخت قوانین بنانے کی بات کی تھی، ہمارے پاس بہت سارے مسائل ہیں، غربت سب سے بڑا مسئلہ ہے،چائلڈ لیبر اور بچوں کے ظالم کے خلاف سندھ حکومت کام کرتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کا معیار بہتر بنانے کے لیے مقابلے کے امتحان کے ذریعے نئے ٹیچرز بھرتی کیے، سرکاری اساتذہ بھی آئے روز سڑکوں پر ہوتے ہیں، اساتذہ کی بنیادی ذمے داری بچوں کو پڑھانے کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ بچوں سے بدسلوکی کے کیسز کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں، بچوں سے بدسلوکی کے کیسز کی کمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جب تک سخت سزائیں نہیں ملیں گی بچوں سے بدسلوکی واقعات کم نہیں ہوں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس میں بچوں کو چائلڈ ابیوز سے بچنے کی تربیت دی جاتی ہے، بچوں کو گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کی تعلیم پر تنقید کا سامنا بھی رہتا ہے، آج کی تقریب کے حوالے سے سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کا شکر گزار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی کم عمری کی شادی کے حوالے سے بل پاس ہوا ہے، ہمیں کئی مرتبہ ایشوز کا سامنا رہا ہے کہ سندھ کے بچے بچیاں پنجاب میں جا کر شادی کر لیتے ہیں، کم عمری کی شادی کے حوالے سے سندھ میں قانون موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکثر بچوں کی اسکول جانے کی عمر میں والدین انہیں کام کاج پر لگا دیتے ہیں، بچوں کے اسکول نہ جانے کی وجوہات میں غربت بھی شامل ہے، حکومت سندھ کوشش کر رہی ہے اسکول سے باہر بچوں کا نمبر صفر تک لے آئے۔