معروف گلوکار کرس ریا 74 برس کی عمر میں چل بسے

Dec 22, 2025 | 22:35:PM
معروف گلوکار کرس ریا 74 برس کی عمر میں چل بسے
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )مشہور برطانوی گلوکار اور نغمہ نگار کرس ریا، جو عالمی سطح پر مقبول گیت ‘ڈرائیونگ ہوم فار کرسمس’ کے باعث جانے جاتے تھے، 74 برس کی عمر میں چل بسے۔

برطانوی خبر رساں ادارے پریس ایسوسی ایشن کے مطابق کرس ریا مختصر علالت کے بعد ہسپتال میں چل بسے۔ خاندان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وہ کچھ عرصے سے صحت کے مسائل کا شکار تھے۔

کرس ریا نے 1980 کی دہائی میں برطانیہ میں شہرت حاصل کی اور ان کے مشہور گانوں میں ‘فول (اِف یو تھنک اِٹس اوور)’ اور ‘لیٹس ڈانس’ شامل ہیں۔ ان کی موسیقی نے نہ صرف برطانیہ بلکہ دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کے دل جیتے۔

 ان کے دو سٹوڈیو البمز ‘دی روڈ ٹو ہیل’ اور اوبیرژ برطانیہ میں چارٹ میں پہلے نمبر پر رہے، جو ان کے کیریئر کی بڑی کامیابیاں سمجھی جاتی ہیں۔

کرس ریا کا گانا ‘ڈرائیونگ ہوم فار کرسمس’ 1986 میں ریلیز ہوا اور وقت کے ساتھ برطانیہ کے مقبول ترین کرسمس گانوں میں شامل ہو گیا۔ رواں برس یہ گانا ایک معروف برطانوی برانڈ کی ٹی وی اشتہار میں بھی شامل کیا گیا، جس سے اس کی مقبولیت مزید بڑھ گئی۔

کرس ریا 1951 میں انگلینڈ کے شمال مشرقی شہر مڈلزبرہ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد اطالوی جبکہ والدہ آئرش نژاد تھیں۔ وہ کئی برسوں سے صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے تھے، جن میں لبلبے کا کینسر بھی شامل تھا، جبکہ 2016 میں انہیں فالج بھی ہوا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان عالمی سطح پر اپنا منفرد مقام بنا چکا ہے: بلاول بھٹو زرداری