بڑھتی مہنگائی،بیروزگاری، حالات سے تنگ تقریباً 29لاکھ پاکستانی وطن چھوڑ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) ملک میں 3 سال کے دوران مہنگائی، لاقانونیت اور بے روزگاری سے تنگ 28 لاکھ 94 ہزار 645 پاکستانی بیرون ملک چلے گئے۔
محکمہ پروٹیکٹر اینڈ امیگرانٹس سے ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک جانے والوں میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔
گزشتہ 3 سال کے دوران بیرون ملک جانے والوں کا ڈیٹا رواں ماہ 15 ستمبر تک کا ہے۔
بیرون ملک جانے والے افراد ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، لاقانونیت اور بے روگاری کی وجہ سے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئےجبکہ ایک بڑی تعداد ایسے افراد کی بھی تھی جنہیں ملک میں کاروبار شروع کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔
ملک چھوڑنے والوں میں ڈاکٹرز، انجینئرز، آئی ٹی ایکسپرٹس، اساتذہ، بینکرز، اکاؤنٹنٹس، آڈیٹرز، ڈیزائنرز، آرکیٹیکچرر شامل ہیں جبکہ پلمبر، ڈرائیور، ویلڈر سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی روزگار کی تلاش میں بیرون ملک گئے۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں کی یلغار، خوفناک بمباری، 3صحافیوں،بچوں سمیت 100 فلسطینی شہید
بیرون ملک جانے والے یہ افراد پروٹیکٹر کی فیس کی مد میں 26 ارب 62 کروڑ 48 لاکھ روپے کی بھاری رقم حکومت پاکستان کو ادا کر کے گئے۔
بیرون ملک جانے والے افراد کا کہنا تھا کہ ملک میں جتنی مہنگائی ہے اس حساب سے تنخواہیں نہیں دی جاتیں، جس میں گزارا کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔