’احرام جنون‘ کا اختتام کہاں ہوگا؟

Jul 17, 2023 | 13:04:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ہمارے ڈراموں کی اکثر کہانیوں میں لڑکیوں کی مجبوریاں دکھائی دیتی ہیں، ایسے میں جب کسی لڑکے کی کہانی اور خصوصاً مڈل کلاس لڑکے کی کہانی آتی ہے تو چھا جاتی ہے۔

اس وقت نجی ٹی وی چینل پر’احرام جنون‘ کے نام سے ایک ڈرامہ سیریل چل رہا ہے،اس ڈرامہ میں ایسے ہی مڈل کلاس لڑکے شانی کی کہانی ہے، جس کو نوکری نہیں مل رہی۔ اس لیے وہ کسی پیزا کمپنی میں ڈیلوری بوائے کی جاب کر کے گھر چلا رہا ہے۔ اس کی بہن ٹیوشن پڑھاتی ہے اور ایک بھائی ابھی کالج میں پڑھ رہا ہے۔

یوں گزر بسر ہو رہی تھی کہ چلتے چلتے شانی کو اپنی ماموں زاد سجیلا سے محبت ہو جاتی ہے لیکن سجیلا کے دل میں کزن کے لیے کسی قسم کے رومانوی جذبات نہیں ہیں اس لیے اظہار محبت پر اس کا رویہ کزن شانی کے ساتھ سرد ہو گیا ہے، ورنہ وہ دونوں بہت اچھے دوست تھے۔یہاں تک تو ایک المیہ بن جاتا ہے مگر نکتہ ہے کہ یہ مڈل کلاس مائیں ہمیشہ بیٹی کے دکھ کو المیہ سمجھتی ہیں، بیٹے ان کے لیے جذبات سے الگ کوئی مشین ہوتے ہیں۔

شانی کی ماں اپنی بیٹی سے کہتی ہے کہ جس کی جوان بہن گھر میں ہو وہ لڑکا محبت نہیں کر سکتا۔ شانی یہ بات سن لیتا ہے، یہاں سے عورت نفرت یا بہن نفرت کا رویہ شروع ہوتا ہوا غیرت کے نام پہ قتل تک جاتا ہے۔

شانی کے والد نہیں ہیں، وہ امیر نہیں ہے، اس کی بہن کی شادی نہیں ہو رہی تو ماں نے اس کے دل کو بھی کنٹرول کرنے کی کوشش جاری رکھی ہے۔ڈرامہ کی  21 اقساط نشر ہوچکی ہیں اس کی تمام اقساط شاندار ہیں  اور یہ اپنے دیکھنے والوں کو جکڑے ہوئے ہیں ۔ اگر یہ رومانوی کہانی یونہی شانی کے مڈل کلاس کردار پہ فوکس رہی تو اس کی شہرت و پسندیدگی میں مزید اضافہ ہو گا کیونکہ یہ ہمارےملک کی بہت بڑی آبادی کا مسئلہ ہے۔

ضرور پڑھیں :کیا ڈرامہ ہے ججز نے کس کو بہترین قرار دیا؟

دوسری کہانی شانزے کی ہے۔ ایک امیر باپ کی خوبصورت اکلوتی چڑیا کی کہانی، جس نے اپنے والدین کو ایک غیرصحت مندانہ روایتی ازدواجی زندگی گزارتے دیکھا ہے جس کی وجہ سے اس کے اندر تلخی آگئی ہے۔اب وہ اپنی زندگی روایات سے ہٹ کر صحت مند گزارنا چاہتی ہے اور اسے یقین ہے جو لڑکا اسے اچھا لگے گا وہ اپنی مثالی زندگی اسی کے ساتھ گزار سکے گی۔

شانزے کی ایک ہی سہیلی ہے، وہ بھی اپنی منگنی کے بعد اسے غیر صحت مند دماغ کی مالک سمجھنے لگی ہے۔ لیکن حسن کی اپنی بھی ایک کہانی ہوتی ہے۔ لوگ اس پہ اتنا مرتے ہیں کہ اسے کسی حسن و دولت پہ نہ مرنے والے کی تلاش ہو جاتی ہے۔

احرام جنون کے ستارے نیلم منیر اور عمران عباس ایک امیر لڑکی سے غریب لڑکی کی داستان میں شامل ہیں - جسے ہم نے پہلے بھی دیکھا ہوگا، لیکن شاید دونوں لیڈز کی پرفارمنس کی وجہ سے یہ ڈرامہ تازہ ترین قسط کے ساتھ ناظرین کے لیے نمایاں ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ شانی اور اس کی بہن دونوں ایسے لوگوں سے پیار کرتے ہیں جو اپنے ساتھیوں کے لیے حقیقی جذبات سے زیادہ پیسے اور مادی چیزوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ کیا محبت یا شادی کا دباؤ آپ کو اتنا بے بس کر سکتا ہے کہ حقیقت جاننے کے باوجود آپ نہ کہہ سکیں اور آگے بڑھ نہ سکیں؟

24 نیوز کے پروگرام’کیا ڈرامہ ہے‘میں اس حوالے سے  ناقدین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ڈرامہ میں لڑکوں کو لالچی قسم کا دکھایا گیا ہے،اتنے لالچی کہ محبت بھی کی تو صرف لالچ کیلئے ۔

ڈرامے میں عمران عباس، نیلم منیر، نمرہ خان، محمود اسلم، عصمت زیدی، مائرہ خان، زینب قیوم، ثاقب سمیر، عدی خان، برجیس فاروقی، فرح ندیم، کنزہ بخاری اور مرزا رضوان سمیت ایک متاثر کن کاسٹ شامل ہے۔

Azhar Thiraj

ایڈیٹر سٹاف ممبر،دنیا نیوز،روزنامہ خبریں، نوائے وقت اور ڈیلی پاکستان اور دیگر اداروں میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں.