ہمارے مشکل مگر درست فیصلوں سے معیشت بہتر ہو رہی ہے،شہبازشریف

Dec 17, 2023 | 21:54:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راﺅ دلشاد)مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ قوم کو مہنگائی، بےروزگاری اور معاشی بدحالی کی سزاؤں سے بریت دلائیں گے،16 ماہ کے دوران ریاست کے مفادات میں کئے گئے ہمارے مشکل مگر درست فیصلوں کے نتیجے میں معیشت بہتر ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے پارٹی رہنماﺅں کی الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں،سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال، میاں ثاقب خورشید، جاوید علی شاہ، عائشہ ارشد لودھی اور نوید اسلم لودھی نے پارٹی صدر سے ملاقات کی ،شیخ فیاض، عابد رضا کوٹلہ سید مبین، قطب کوریجہ، مخدوم مبین، چودھری محمود عالم، چودھری ارشد اور منور کھیتران نے بھی ملاقات کی ،ملاقات میں پارٹی امور اور عام انتخابات کے حوالے سے گفتگو ہوئی،اس موقع پر سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سابق وزیر ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔
رہنماؤں نے سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات سے قائد نواز شریف کی بریت پر پارٹی صدر کو مبارک دی ،شہباز شریف نے نیک تمناؤں کے اظہار پر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہاکہ قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کی سزاؤں سے بریت دلائیں گے،نواز شریف کو سزائیں سنا کر قوم اور ملک کو سزا دی گئی، مقدمات ہی نہیں، مقدمات بنانے والے بھی جھوٹے نکلے، قوم کی ترقی پر پوری توجہ اور صلاحیتیں مرکوز کریں گے۔
شہبازشریف نے کہاکہ 16 ماہ کے دوران ریاست کے مفادات میں کئے گئے ہمارے مشکل مگر درست فیصلوں کے نتیجے میں معیشت بہتر ہو رہی ہے،صدر ن لیگ نے پارٹی رہنماﺅں کو ہدایت کی کہ 8 فروری کے عام انتخابات کی بھرپور تیاریاں کریں، ملاقات میں رہنماؤں نے اپنے اپنے علاقوں میں انتخابی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پارٹی چھوڑنے والوں کو واپسی کیلئے کیا کرنا ہوگا؟ تحریک انصاف نے بڑی شرط رکھ دی