ٹرینوں کا شیڈول درہم برہم، متعدد تاخیر کا شکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان ریلوےکا نظام ایک بار پھر دباؤ کا شکار، کراچی کینٹ سے روانہ ہونے والی متعدد ٹرینیں آج بھی تاخیر کا شکار رہیں جس پر مسافروں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ۔
ریلوے ذرائع کے مطابق پاکستان، کراچی، ملت اور زکریہ ایکسپریس سمیت کئی اہم ٹرینیں مقررہ وقت پر روانہ نہ ہو سکیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس دوپہر 2 بجے کے بجائے ساڑھے 3 بجے روانہ ہوئی، جبکہ لاہور کیلئے پاک بزنس ٹرین سہ پہر 4 بجے کے بجائے شام 6 بجے روانہ کی گئی۔
اسی طرح کراچی ایکسپریس شام 6 بجے کے بجائے رات تاخیر سے روانہ ہوئی، جبکہ ملتان جانے والی زکریہ ایکسپریس شام 6 بجے کے بجائے رات 9 بجے روانہ ہوئی۔
مزید برآں خیبر میل رات 10 بجے کے بجائے 11 بجے اور سکھر ایکسپریس رات 11 بجے کے بجائے 12 بجے روانہ کی گئی۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ بار بار تاخیر کے باعث سفری نظام پر اعتماد کم ہو رہا ہے اور ریلوے کو اپنے نظام کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔
ریلوے حکام کے مطابق کسی بھی ٹرین کو معطل نہیں کیا گیا، تاہم شیڈول میں تاخیر کی وجوہات پر کام جاری ہے، جبکہ مسافروں کو مزید معلومات کیلئے ریلوے انکوائری سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔