رائے ونڈتبلیغی اجتماع خصوصی دعا کے بعداختتام پذیر۔۔

Nov 14, 2021 | 16:14:PM
رائے ونڈ تبلیغی اجتماع اختتام پذیر
کیپشن: تبلیغی جماعت اجتماع ختم فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) رائیونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرااور آخری مرحلہ دعا کیساتھ اختتام پذیر ہو گیا، ڈپٹی کمشنر لاہورعمر شیر چٹھہ سمیت فرزندان اسلام کی بڑی تعداد دعا میں شریک ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق   رائےونڈ میں تبلیغی  اجتماع کی اختتامی دعا سے قبل مولانا ابراہیم دیولا نے دعا کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دعا امت مسلمہ کا ہتھیار ہے، اللہ تعالیٰ سے ہمیشہ دعا مانگنی چاہئے۔ مولانا ابراہیم دیولا نے گناہوں سے معافی اور امت مسلمہ کی مغفرت کی خصوصی دعا کروائی، جس میں شرکاء پر رقت طاری رہی۔

تبلیغی اجتماع کے شرکاء کا کہنا تھا کہ علماء کرام نے نماز قائم کرنے کی تلقین کی ہے، مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کے احکامات اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل پیرا ہوکر زندگی بسر کرنی چاہیئے۔  اجتماع کے شرکاء اختتامی دعا کے بعد اس ارادے کیساتھ گھروں کو لوٹ گئے کہ وہ بھی اللہ تعالیٰ کی راہ میں نکل کر دین اسلام کی ترویج میں اہم کردار اد ا کریں گے۔

انخلاء کے وقت موٹروے اور رنگ روڈ سے آنے والی ٹریفک کو بھی رائیونڈ کی جانب نہیں جانے دیا گیا،عبدالستار ایدھی روڑ سے ٹھوکر موٹروے تک ٹریفک سست روی کا شکار رہی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

سالانہ تبلیغی اجتماع کے انخلا کے لئے ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک ہزار سے زائد وارڈنز کو تعینات کیا گیا جبکہ نیشنل ہائی وے کے اہلکار بھی ڈیوٹیاں انجام دیتے رہے اور پانچ گھنٹے بعد انخلا کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:چوکیدار کے بیٹے کی محبت میں پاگل لڑکی نے ایسا کام کیا کہ یقین کرنا مشکل۔۔