پہلا انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کل سے شروع ہوگا

Jan 13, 2023 | 12:04:PM
پہلا انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کل سے شروع ہوگا
کیپشن: فوٹو (اسکرین گریب)
سورس: آئی سی سی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام پہلا آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 14 جنوری سے جنوبی افریقا میں شروع ہوگا، جس میں 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے نبرد آزما ہوں گی۔

پاکستانی خواتین ٹیم اس مہم کا آغاز 15 جنوری کو روانڈا کے خلاف میچ سے کرے گی۔

ٹورنامنٹ کے تمام میچز ولو مور پارک، بینونی اورسینویس پارک اور پوچیفسٹروم کے مقام پر کھیلے جائیں گے۔ 29 جنوری تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، سری لنکا اور امریکا شامل ہیں۔ گروپ بی میں پاکستان، انگلینڈ، زمبابوے اور روانڈا شامل ہیں۔

اسی طرح گروپ سی میں آئرلینڈ، انڈونیشیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کو رکھا گیا ہے جبکہ گروپ ڈی میں بھارت، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات اور سکاٹ لینڈ شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز چار میچ کھیلے جائیں گے۔

پہلے میچ میں گروپ اے کی ٹیمیں آسٹریلیا اور بنگلہ دیش آمنے سامنے ہوں گی، دوسرا میچ گروپ ڈی کی ٹیموں سکاٹ لینڈ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کھیلا جائے گا، تیسرے میچ میں میزبان جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ چوتھا میچ سری لنکا اور امریکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز 15 جنوری کو روانڈا کے خلاف میچ سے کرے گی۔ گرین شرٹس کو عروب شاہ لیڈ کریں گے۔ قومی انڈر 19 ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 17 جنوری کو انگلینڈ اور تیسرا میچ 19 جنوری کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔ میگا ایونٹ میں فائنل سمیت 41 میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کے پلے آف میچز 20 جنوری جبکہ سپر 6 مرحلے کا آغاز 21 جنوری سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل مقابلے 27 جنوری کو جبکہ فائنل 29 جنوری کو سینویس پارک، پوچیفسٹروم میں ہی کھیلا جائے گا۔