بابر اعظم اور رضوان اچھے کھلاڑی لیکن پوری ٹیم کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے ، محمد حفیظ

Apr 26, 2024 | 23:55:PM
بابر اعظم اور رضوان اچھے کھلاڑی لیکن پوری ٹیم کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے ، محمد حفیظ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان اچھے کھلاڑی ہیں لیکن وہ پوری ٹیم نہیں ہیں ۔

سابق ڈائریکٹ قومی ٹیم محمد حفیظ کا کہنا ہےکہ صائم ایوب کو ٹی 20ورلڈ کپ میں بطور اوپنر کھلانا چاہیے،اگر پیراشوٹ سے سلیکشن ہوگی تو ڈومیسٹک کرکٹرز کو غلط پیغام دیا جائےگا، پاکستان اور بھارت  کے درمیان کرکٹ بحالی کے حوالے سے محمد حفیظ نے جواب دیا کہ اگر ایک دوسرے کے ملک کا دورہ نہیں کرسکتے تو پاک بھارت کرکٹ نیوٹرل وینیو پر ہونی چاہیے، آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے محمدحفیظ نے کہا کہ بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آنا چاہیے کیونکہ پاک بھارت کرکٹ صرف دو ملک ہی نہیں پوری دنیا دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کو سائڈ پر رکھ کر کھیل کو سامنے رکھنا چاہیے، پاکستان اور بھارت کے درمیان تینوں فارمیٹس کی کرکٹ بحال ہونی چاہیے،خوش ہوں گا پاکستان بھارت جائے اور بھارت پاکستان آئے،ٹیم سلیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر، عماد وسیم اور عثمان خان اچھے کھلاڑی ہیں لیکن سلیکشن کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے، تینوں کھلاڑی پہلے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے جس کی پرفارمنس پر قومی ٹیم میں منتخب کیا جاتا، اگر پیراشوٹ سے سلیکشن ہوگی تو ڈومیسٹک کرکٹرز کو غلط پیغام دیا جائے گا۔

محمدحفیظ نے کہا کہ سابق چیئرمین کی جانب سے پاکستانی کوچز پر سفارشیں قبول کرنے کے الزامات پر دکھ ہوا،اپنی کوچنگ پر تنقید کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ میں نے لیول ون کوچنگ کورس کیا ہوا ہے، کوچنگ کورس تعلیم ہے، ضرور کرنا چاہیے لیکن کوچنگ کورس ہی سب کچھ نہیں، اگر کوچنگ کورس پر چلنا ہے تو سب سے زیادہ مارکس والے کو قومی ٹیم کا کوچ لگا دیں،انہوں نے کہا کہ سابق پی سی بی چیئرمین نے بیان دیاکہ پاکستانی کوچنگ اسٹاف ایماندار نہیں، ایسے بیان سے ہزاروں لوکل کوچز کو تکلیف پہنچی، پاکستان میں لیجنڈز موجود ہیں جن کو دنیا مانتی ہے،انہوں نے کہا کہ کوچنگ میں انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، مجھے ڈائریکٹر ٹیم کے عہدے سے ہٹانے کا طریقہ کار افسوس ناک تھا۔

سابق کپتان نے کہا کہ پی سی بی میں لوگ غلامانہ سوچ کے مالک ہیں جو سمجھتے کہ غیرملکی کوچ ہی ہونا چاہیے، میں نے کبھی کسی لوکل کوچ کو سفارش مانتے نہیں دیکھا، ایسا تاثر غلط ہے،بابر اعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی ٹوٹنے کے حوالے سے محمد حفیظ نے کہا کہ ایسا نہیں کہ بابر اور رضوان اچھے کھلاڑی نہیں لیکن دونوں پوری ٹیم نہیں، صائم ایوب کو بطور ٹی ٹوئنٹی اوپنر لانا میری نظر میں پرابلم کا حل تھا،بابر اور رضوان پوری ٹیم کا بوجھ اکیلے نہیں اٹھا سکتے، بابر گزشتہ کئی سال سے نمبر تین پر بیٹنگ کر رہے ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں نمبر تین پر کھیلنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا،محمد حفیظ نے کہا کہ اگر میں نے اوپنرز تبدیل کر کے غلطی کی تھی تو آج صائم ایوب کو کیوں اوپنر کھلایاجارہا ہے؟ صائم، رضوان اوپنر، بابر نمبر تین اور فخر چار پر کھیلیں تو ٹاپ آرڈر مضبوط بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم مضبوط بیٹر ہیں جو ہر کنڈیشنر میں کھیلنے کی اہلیت رکھتے ہیں، صائم اگر ناکام بھی ہوتے ہیں تو تب بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بطور اوپنر کھلانا چاہیے کیونکہ وہ دلیر بیٹر ہیں، ڈرتے نہیں، ایسے کھلاڑیوں کے لیے تنقید برداشت کرلینی چاہیے، صائم تینوں فارمیٹس کے کھلاڑی ہیں،محمدحفیظ نے اسٹرائیک ریٹ کے حوالے سے کہا کہ کرکٹ بدل گئی ہے، تسلسل بے شک کم ہو لیکن پرفارمنس کا امپیکٹ ہونا چاہیے، دیگر ٹیمیں ایک یا دو کھلاڑی پر انحصار نہیں کرتیں، ہر میچ میں کوئی نیا کھلاڑی پرفارمنس دیتا ہے۔

سابق کپتان نے بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے موازنے پر کہا بابر اور کوہلی کے درمیان کوئی موازنہ نہیں بنتا کیونکہ کوہلی کی بھارت کے لیے پرفارمنس بہت شاندار ہیں، بابر بہترین کھلاڑی ہیں جنہوں نے ابھی مزید پاکستان کے لیے پرفارمنس دینی ہیں،انہوں نے بابر اعظم کے حوالے سے کہا کہ ایسی تنقید غلط ہے کہ بیٹنگ میں بابر اعظم کو ہی سب کچھ کرنا ہے، بابر کو مارڈرن ڈے کرکٹ کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بہتر کرنا ہے، انہیں معلوم ہوگیا ہے کہ کہاں بہتری لانی ہے، حالیہ پی ایس ایل میں انٹینٹ کے ساتھ کھیلا ہے،گزشتہ دورہ نیوزی لینڈ پر لیگز کے معاملے پر این او سی کے حوالے سے حفیظ نے کہا کہ لیگز کی این او سی کے معاملے پر مجھے غیر ضروری شامل کیا گیا، میرا کھلاڑیوں کے لیگز کی این او سی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ لیگز کے معاملے پر پی سی بی اور کھلاڑیوں کے درمیان پہلے ہی 3سالہ کنٹریکٹ ہوچکا تھا، تمام کھلاڑیوں نے خود کنٹریکٹ کیا کہ پی ایس ایل کے علاوہ 3لیگز کھیلنے کی اجازت ہو، مجھ پر لیگز کے معاملے پر الزام لگایا گیا، میں نےکہا جو کنٹریکٹ ہے اس کے مطابق چلیں، کھلاڑیوں کی سب سے پہلی ترجیح اپنے ملک سے کھیلنا ہونی چاہیے،پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے امکانات کے حوالے سے محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کی ٹی 20ٹیم باصلاحیت ہے، صرف اعتماد کی کمی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی سی بی کی منیجمنٹ میں تبدیلیاں قومی کرکٹ ٹیم پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں،محمدحفیظ نے کہا کہ اگر ایک دوسرے کے ملک کا دورہ نہیں کرسکتے تو پاک بھارت کرکٹ نیوٹرل وینیو پر ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : یو اے ای میں شدید بارشیں،پاکستانی نوجوانوں نے ملک کا نام روشن کر دیا