اسلام آباد میں شدید بارش، مری اور وادی ناران کاغان نے برف کی چادر اوڑھ لی

Nov 10, 2023 | 00:54:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ارشاد قریشی،حیدر علی) راولپنڈی اسلام آباد میں تیز بارش جبکہ ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی آمد پر پہلی برفباری ہوئی۔

راولپنڈی شہر اور گرد و نواح میں تیز بارش کے بعد سردی بڑھ گئی، چکلالہ 19، شمس آباد 20 اور سید پور میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

موسلا دھار بارش کے باعث واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کردیا، نکاسی کیلئے  واسا کا عملہ مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں تعینات کردیا گیا۔

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث 40 سے زائد فیڈرز پر فالٹ اور ٹریپنگ ہوئی ہے۔ لوہی بھیر، انگوری بلیو ایریا، یوسی روڈ، کھنہ ڈاک، ہائی وے، کورال فیڈرز پر فالٹ کا سامنا ہے۔

اسی طرح راولپنڈی میں وقفے وقفے سے جاری بارش کی وجہ سے نالی کی سطح بلند ہورہی ہے جہاں کٹاریاں میں پانی کی سطح 11 جبکہ گوالمنڈی میں 8 فٹ ہے۔

کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے واسا اور  ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں۔

دوسری جانب وادی ناران، کاغان اور مری کے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔

کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق برفباری کے باعث بابو سرٹاپ جانے والی سڑک بند ہوگئی، سیاحوں کو سفر سے گریز کی ہدایت جاری کر دی گئی، بٹہ کنڈی، جلکھڈ اور لولوسر جھیل پر چار سے چھ انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، بابو سر ٹاپ پر پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ گٹی داس کے مقام پر بھی برفباری کے باعث پھنسے سیاحوں کو بحافظت ریسکو کرلیا گیا، مری میں بھی موسم سرما کی پہلی برف باری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، مری میں سردی کی شدت بھی بڑھ گئی۔