موسلادھار بارش اور برفباری ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

Apr 13, 2024 | 10:36:AM
موسلادھار بارش اور برفباری ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) محکمہ موسمیات نے  14 اپریل تک ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری  کی پیشگوئی کردی جبکہ موسلا دھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشے کا الرٹ جاری کردیا۔

پنجاب اور  خیبر پختونوا میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،گوجرہ اور جھنگ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی نے موسم خوشگوار کر دیا، کوئٹہ اور مضافاتی علاقوں میں بھی بادل  جبکہ پاراچنار اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برف باری ،موسم سرد ہوگیا ، محکمہ موسمیات نے جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آج وقفے وقفے سے آندھی چلنے کی پیشگوئی کی ہے، چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوگی، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے میں کراچی میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے،یہ سلسلہ آئندہ 2 روز تک جاری رہے گا،محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 13 اور 14 اپریل کو سکھر، کشمور، لاڑکانہ، دادو، قمبر شہداد کوٹ، جامشورو اور سانگھڑ میں آندھی اور بارش متوقع ہے،اس دوران کراچی اور حیدر آباد میں بھی آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہے، یہ سسٹم آج سے ملک کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں داخل ہو جائے گا۔

لاہور اور بہاولنگر میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، مزید بارش کا امکان ہے، راولپنڈی اسلام آباد میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 15 اپریل تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، پشاور،چترال، دیر،سوات، ہزارہ، صوابی، مردان، کوہاٹ اورڈی آئی خان میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے صوبے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کے علاوہ پشین، مسلم باغ اور زیارت سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، اور جھل مگسی میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور قلات میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی، علاوہ ازیں تربت، ہرنائی، نصیر آباد، جعفرآباد، چاغی، پنجگور، گوادر اور کیچ میں بھی بارش کا امکان ہے۔کوئٹہ میں شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے، مٹی کے طوفان نے قلات میں بھی تباہی مچا دی، جس سے علاقے میں حدِ نگاہ بھی متاثر رہی۔

دوسری جانب  شجاع آباد سمیت پنجاب بھر میں  بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ، شجاع آباد میں  وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور  گردونواح کا موسم بھی خوش گوار ہوگیالیکن کسان بارش سے شدید پریشان نظر آرہے ہیں، گندم کی تیار فصل  اور آم کے باغٓت  کو نقصان کا اندیشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان: مسجد پر آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ،4 زخمی ہوگئے

پی ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی صوبے میں بارشوں کی پیش گوئی کردی تھی، مغربی ہوائیں 14 اپریل اتوار تک بیشتر اضلاع میں بارش کا سبب بنیں گی۔اس کے نتیجے میں جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، حب، کیچ، پنجگور، تربت، آواران، قلات، سوراب، چاغی، نوشکی، مستونگ، کوئٹہ، چمن، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، بارکھان، دکی، لورالائی، ہرنائی، ڑوب، شیرانی، سبی اور موسیٰ خیل کے اضلاع میں بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور بجلی کے آلات سے دور رہیں، چھوٹے بچوں، بوڑھوں اور معذوروں کا خاص خیال رکھیں اور موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔