وکیل قتل کیس، وکیل امان اللہ کنرانی اور سپریم کورٹ کے ججز میں تلخ جملوں کا تبادلہ

Aug 09, 2023 | 12:24:PM
وکیل قتل کیس، وکیل امان اللہ کنرانی اور سپریم کورٹ کے ججز میں تلخ جملوں کا تبادلہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)کوئٹہ میں وکیل عبدالرزاق شر قتل کے مقدمے میں نامزد چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت ہوئی،  وکیل امان اللہ کنرانی اور سپریم کورٹ کے ججز میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہو گیا۔

سپریم کورٹ میں جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے  کیس کی سماعت کی، دوران سماعت جسٹس مظاہر نقوی نے وکیل امان اللہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ سامنے آئیں ایف آئی آر پڑھیں؟امان اللہ کنرانی نے جواب دیا کہ مجھے سامنے نہ لائیں ورنہ مشکل ہوگا، بنچ کے رکن نے ڈوگر کیس میں ازخود نوٹس لے کر انتخابات کا حکم دیا،بنچ کے رکن رضوی صاحب کیخلاف بھی سندھ ہائیکورٹ میں کیس ہے ،بنچ کے رکن جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس حسن رضوی نے امان اللہ کنرانی پراظہار برہمی کیا۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہاکہ الزامات نہ لگائیں، ثبوت لے کر آئیں ورنہ معافی مانگیں،امان اللہ کنرانی نے کہاکہ جج بنیں توٹھیک ہے لیکن پارٹی بننا ہے تو نیچے آ جائیں۔

وکیل امان اللہ کنرانی نے کہا کہ جے آئی ٹی  گرفتاری نہیں صرف تفتیش کیلئے چیئرمین کو طلب کرتی رہی وہ پیش نہیں ہوئے،جسٹس مظاہر نقوی نے امان اللہ کنرانی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو کیا ہدایات دے کر بھیجا گیا؟ ہم بے جان نہیں ہیں جھوٹے الزامات کا جواب دیں گے، جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہاکہ میں توہین عدالت کا نوٹس جاری کروں گا، وکیل امان اللہ کنرانی نے کہاکہ میں غلام نہیں ہوں، جسٹس مظاہر نقوی نے امان اللہ کنرانی سے استفسار کیا کہ کیا ہم غلام ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: عوام کو بڑا جھٹکا،بجلی پھر مہنگی،فی یونٹ کتنا اضافہ ہوا؟

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ پہلے آپ معافی مانگیں پھر سماعت آگے بڑھے گی، امان اللہ کنرانی نے کہاکہ میں ہاتھ جوڑ کر غیرمشروط معافی مانگتا ہوں،جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ میں امان اللہ کنرانی کی معافی قبول کرتا ہوں،جسٹس مظاہر نقوی نے کہاکہ میں امان اللہ کنرانی کی معافی قبول نہیں کرتا۔

جسٹس حسن اظہر نے کہاکہ الزامات واپس لے کر تحریری معافی مانگیں تو معاف کرنے کو تیار ہوں،عزت سے وقت گزارا، الزامات واپس لے رہے ہیں تو معاف کر دیتا ہوں۔

 عدالت  کا کہنا تھا کہ وکیل قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار نہ کرنے کا حکم برقرار رہے گا،بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 24 اگست تک ملتوی کر دی۔