بلوچستان مغربی ہواؤں کے زیراثر، سسٹم بالائی علاقوں تک پھیلنے کا امکان

Mar 06, 2024 | 19:51:PM
بلوچستان مغربی ہواؤں کے زیراثر، سسٹم بالائی علاقوں تک پھیلنے کا امکان
کیپشن: بارش، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)نے موسم کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی،بلوچستان کے بیشتر علاقے اب بھی مغربی ہواؤں کے زیر اثر ہیں،یہ سسٹم 6 مارچ سے بالائی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔
ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے مغربی حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے، گلگت بلتستان، کشمیر اور پوٹھوہار کے علاقے میں ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
ملک کے زیادہ تر حصوں میں بنیادی طور پر سرد اور خشک موسم کی توقع ہے، 8 مارچ سے 10 مارچ کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں ابر آلود موسم کی توقع ہے، وسطی اور جنوبی پنجاب کے چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ ملک کے شمالی حصوں میں برفباری کی توقع ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ دس سے 12 مارچ کے دوران بلوچستان کے جنوبی اور شمالی حصوں یعنی کیچ، گوادر، لسبیلہ، کوئٹہ، قلات اور خضدار میں بارش متوقع ہے ، کے پی کے کے مغربی و بالائی حصوں اور کشمیر میں آندھی اور بارش متوقع ہے ، ملک کے باقی حصوں میں خشک موسم رہنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے ایڈوائزری کا کہنا ہے کہ بالائی کے پی، مری، گلیات، کشمیر اور جی بی میں لینڈ سلائیڈ کا امکان ہے، سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دوران سفر موسمیاتی حالات سے باخبر رہیں ،کے پی کے شمالی حصوں یعنی شانگلہ، مالم جبہ، دیر اوپر، چترال، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں درمیانی سے شدید برفباری کی توقع ہے ، برفباری سے سڑکوں کی عارضی بندش ہو سکتی ہے۔
بالائی پختونخواکے علاقوں یعنی سوات، اوپری دیر، اوپری کوہستان، چترال، ہنزہ اور کوئٹہ، چاغی اور کیچ میں بلوچستان کے نالوں میں فلیش فلڈنگ کا امکان ہے،گوادر، لسبیلہ، خضدار، قلات اور قلعہ عبد اللہ میں بارشوں سے اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ 9 مئی  سے متعلق کور کمانڈرز کانفرنس کااعلامیہ  بانی پی ٹی آئی عمران خان کا بیان بھی آ گیا