عمران خان نے سانحہ 9 مئی سے متعلق کور کمانڈر کانفرنس اعلامیے کی تائیدکر دی

Mar 06, 2024 | 19:30:PM
عمران خان نے سانحہ 9 مئی سے متعلق کور کمانڈر کانفرنس اعلامیے کی تائیدکر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حاشر وڑائچ)بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) عمران خان نے سانحہ 9 مئی سے متعلق کور کمانڈرکانفرنس اعلامیے کی تائیدکردی ۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے  کہا کہ کور کمانڈر کانفرنس کے اعلامیہ کی مکمل تائید کرتا ہوں ،سانحہ 9مئی کے ملزمان کو کڑی سزا ملنی چاہیے،سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے 9مئی میں ملوث لوگوں کا تعین کیا جائے، کیپیٹل ہل حملہ میں بھی سی سی ٹی وی سے لوگوں کو پکڑا گیا تھا،  سانحہ 9مئی پر ابھی تک جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟سانحہ 9 مئی کی آزادانہ انکوائری میں کسی کی دلچسپی نہیں،میں کہتا ہوں کہ 9مئی والوں کو سزا دیں ، ہماری پارٹی میں کوئی فوج کے خلاف نہیں،انتخابات پر تنقید فوج پر تنقید کیسے ہو سکتی ہے۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دے کر جمہوریت کی نفی کی گئی،جن کی مخصوص نشستیں نہیں بنتی تھی ان کو کیسے دی جا سکتی ہیں،پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دیے جانا غیر آئینی عمل ہے،مشرقی پاکستان میں بھی عوام کو مینڈیٹ سے محروم کیا گیا جس کی وجہ سے ملک ٹوٹا،ملک کی تاریخ کا سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن ہوا ہے،دھاندلی زدہ الیکشن سے ملک کی معیشت بیٹھ جائے گی اور نقصان ہوگا،سیاسی استحکام کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھاکہ شریف خاندان کا سب سے بڑا یو ٹرن پہلے ووٹ کو عزت دو اور اب بوٹ کو عزت دو ہے،انتخابات میں دھاندلی کا الزام نگران حکومت اور الیکشن کمیشن پر آتا ہے،

انتخابات میں جیتنے والوں کو بھی پتہ ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے،اگر یہ سمجھتے ہیں کہ الیکشن ٹھیک ہوئے ہیں تو صرف 4حلقوں کا آڈٹ کروا لیں،پشاور سے نور عالم ، لاہور سے نواز شریف اور عون چودھری جبکہ اسلام آباد کا کوئی حلقہ کھلوا کر آڈٹ کروا لیں ،ان انتخابات سے صرف 3جماعتوں کو فائدہ ہوا ہے۔

عمران خان نے سوال کیا کہ کیا پرا من احتجاج ٹکراؤ ہے اگر یہ ٹکراؤ ہے تو جمہوریت کو ختم کر دیں،مولانا فضل الرحمان اور خواجہ آصف کہہ چکے ہیں کہ جنرل باجوہ نے حکومت گرانے کا کہا تھا،

باجوہ نے ہمیں بھی یہ کہا تھا کہ اچھے بچے بن جاؤ اور چپ کر کے بیٹھ جاؤ،غلام بن کر نہیں بیٹھ سکتا،ووٹ کسی کو پڑے جتوا کسی کو دیا گیا،نون لیگ کی 25 سے زیادہ نشستیں نہیں تھیں مگر ان کی حکومت بنوا دی گئی، ہمیں غلامی قبول کرنے کا کہا جا رہا ہے غلامی قبول کرنے والی قوم ویسے ہی ختم ہو جاتی ہے۔

9مئی کا بیانیہ 8فروری کو فیل ہو گیا،لوگ نہیں مانے کہ ہم نے کوئی غداری کی ہے،جب تک جیل رکھنا ہے رکھیں غلامی قبول نہیں کروں گا،رجیم چینج کے بعد معیشت کا بیڑا غرق ہو گیا،

ملک کے لیے کہا تھا کہ مستحکم حکومت آنی چاہیے،آئی ایم ایف سے ملاقات میں کہا تھا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معیشت بہتر نہیں ہو سکتی اور یہ شفاف انتخابات سے ہی ممکن ہے ،

ملک کے 70 فیصد پیسے سود کی ادائیگی میں جا رہے ہیں،ملک کے لوگ قرضوں میں پس جائیں گے،جیل میں کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہوئے ،مجھے پتہ ہے کہ پیغام کیوں نہیں بھیجا گیا لیکن یہ ابھی بتا نہیں سکتا۔

یہ بھی پڑھیں : وقوعہ کے وقت گاڑی میں طیفی بٹ کا برادرنسبتی بھی موجود تھا،امیر بالاج قتل کیس کی تحقیقات میں اہم انکشاف