خان صاحب جلسہ بھی ہو گا اور آپ کُرسی بھی چھوڑیں گے، مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب لاہور کا جلسہ بھی ہو گا اور انشااللہ آپ کُرسی بھی چھوڑیں گے۔ بات جلسے سے بڑھ کر آپ کے استعفے تک آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے لاہور جلسہ بارے بیان پر ردِ عمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب اگر لاہور جلسے کا آپ کو فرق نہ پڑتا تو آپ یہ بیان نہ دیتے۔ آپ سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھ کر ایف آئی آر سے ڈرا رہے ہیں، آپ کی غلط فہمی ہے کہ آپ کو ملک کا آٹا، چینی چوری پر این آر او ملے گا۔ آپ کی یہ بھی غلط فہمی ہے کہ آپ کو معیشت اور روزگار تباہ کرنے پر این آر او ملے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب آپ کو غیر قانونی فارن فنڈنگ کیس میں بھی این آر او نہیں ملے گا، اب آپ کو سقوط کشمیر پر بھی این آر او نہیں ملے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ کے سیاسی انتقام کی انتہا نے جیلوں کا خوف ختم کر دیا ہے، ٹی وی لگائیں حالات مختلف ہو گئے ہیں۔ میری مانیں تو ووٹ چوری کے خلاف آپ بھی 12 دسمبر کو استعفیٰ دے کے مینارِ پاکستان آئیں۔ ایف آئی آر تو اب آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی ، روزگار اور ووٹ چوروں کے خلاف کٹ چکی ہے۔