پنجاب کے عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کا عہد ہر صورت نبھائیں گے:مریم نواز

May 04, 2026 | 10:35:AM
پنجاب کے عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کا عہد ہر صورت نبھائیں گے:مریم نواز
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راو دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں 27 نئے سہولت بازاروں کی تکمیل کے لیے جولائی کا ہدف مقرر کر دیا ہے،ان سہولت بازاروں کے ساتھ 13 سہولت آن دی گو بازار بھی مختلف اضلاع میں قائم کیے جائیں گے۔

ان منصوبوں کے تحت 1300 نئے کاروباری مواقع پیدا ہوں گے جبکہ 600 سے زائد افراد کو براہ راست روزگار ملے گا، حکومتی تخمینے کے مطابق ان سہولت بازاروں سے سالانہ 9 کروڑ سے زائد شہری مستفید ہوں گے۔

نئے سہولت بازاروں میں سبزیاں، پھل اور دیگر اشیائے خورونوش اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 40 فیصد اور ڈی سی ریٹس سے 18 فیصد تک کم قیمت پر دستیاب ہوں گی، ان اقدامات سے تقریباً ساڑھے 8 لاکھ سے زائد گھرانوں کو مجموعی طور پر 5 ارب 30 کروڑ روپے کی بچت متوقع ہے۔

 سہولت بازاروں کے قیام سے مقامی سپلائی چین اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، جبکہ دکانداروں کی سیل میں 24 فیصد اور منافع میں 23 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

 سہولت بازاروں میں دکانداروں کو بجلی، صفائی اور سیکیورٹی جیسی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی، جس سے انہیں سالانہ تقریباً 3.5 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان جنگ بندی نہ کراتا تو تیل250ڈالر فی بیرل سے بھی بڑھ جاتا:احسن اقبال

ہر سہولت بازار میں مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ 5 کلومیٹر کے اندر 40 منٹ میں مفت ہوم ڈلیوری سروس بھی فراہم کی جائے گی۔

یہ منصوبے بھکر، میانوالی، پاکپتن، راجن پور، مظفرگڑھ، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، اٹک اور جہلم سمیت متعدد اضلاع کی تحصیلوں میں مکمل کیے جائیں گے، اس کے علاوہ خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا بھی اس پراجیکٹ میں شامل ہیں۔

لاہور، جہلم، بھکر، راولپنڈی، قصور اور فیصل آباد کی مختلف تحصیلوں میں سہولت آن دی گو بازار بھی قائم ہوں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کا عہد ہر صورت نبھائیں گے ، ان کے مطابق سہولت بازاروں سے عوام کو واضح معاشی ریلیف ملے گا اور صاف ستھرے ماحول میں معیاری اشیاء دستیاب ہوں گی۔

مزید پڑھیں:معروف اداکارہ نمرہ خان نے دوسری شادی کر لی،تصاویر وائرل

انہوں نے مزید کہا کہ ان بازاروں میں پارکنگ، بیٹھنے کی جگہ، بزرگ شہریوں کے لیے الگ کاؤنٹر، پینے کا صاف پانی، مساجد اور فیملی فرینڈلی ماحول بھی فراہم کیا جائے گا۔