سری لنکن شہری کا قتل ۔۔مقتول کی اہلیہ بھی میدان میں آگئیں

Dec 04, 2021 | 18:44:PM
 سری لنکن شہری، پریا نتھا دیاودھنہ کی اہلیہ ن
کیپشن: سری لنکن شہری پریا نتھا دیاودھنہ کی اہلیہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ما نیٹر نگ ڈیسک)سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کی جانب سے تشدد کے بعد قتل کیے جانے والے سری لنکن شہری پریا نتھا دیاودھنہ کی اہلیہ نے پاکستان کی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان سے منصفانہ تحقیقات اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کی ایک فیکٹری میں بطور مینجرکام کرنے والے پریا نتھا کو ایک مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کے الزام میں تشدد کر کے ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاش کو آگ لگا دی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ اب تک 100 سے زیادہ افراد زیرِحراست ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سیالکوٹ۔۔ فیکٹری منیجر کا قتل۔۔۔سری لنکن وزیر اعظم نے بڑا مطالبہ کردیا

اس واقعے پر سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پکشے نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’انھیں یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے عہد کو پورا کرتے ہوئے اس واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔جبکہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے 'پاکستان کے لیے ایک شرمناک دن' قرار دیا تھا۔

پریا نتھا دیاودھنہ کی اہلیہ نیروشی دسانیاکے کا غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں کہنا ہے کہ 'میرے شوہر ایک معصوم انسان تھے۔ میں نے خبروں میں دیکھا کہ انھیں بیرون ملک اتنا کام کرنے کے بعد اب بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے۔'میں نے انٹرنیٹ پر دیکھا کہ یہ قتل اتنا غیر انسانی عمل تھا۔ میں سری لنکا کے صدر اور پاکستان کے صدر و وزیر اعظم سے منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہوں تاکہ میرے شوہر اور ہمارے دو بچوں کو انصاف مل سکے۔

دوسری جانب صوبہ پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ کی تحقیقات کے لیے فوج کے خفیہ اداروں کے اہلکار پہلے ہی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کر رہے ہیں۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ کہ انھوں نے 100 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے، 'جن کے کردار کا تعین سی سی ٹی وی فوٹیج سے کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سیالکوٹ واقعہ کے مرکزی ملزم پکڑے گئے۔حقائق سامنے آگئے