اسامہ قتل کیس:جے آئی ٹی تشکیل،آئی ایس آئی، ایم آئی ،آئی بی کا نمائندہ شامل

Jan 03, 2021 | 12:01:PM
اسامہ قتل کیس:جے آئی ٹی تشکیل،آئی ایس آئی، ایم آئی ،آئی بی کا نمائندہ شامل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سفاکیت سے قتل کئے گئے 21 سالہ طالبعلم اسامہ  کے واقعے کی تحقیقات کے  لئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔انویسٹی گیشن ٹیم میں آئی ایس آئی،ملٹری انٹیلی جنس اور انٹیلی جنس بیورو کا ایک ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے انسداد دہشتگردی ایکٹ کے سیکشن 19 کے تحت پولیس کی  فائرنگ سے جاں بحق  ہونے والے طالبعلم اسامہ ستی کی موت کی تحقیقات کیلئے باقاعدہ جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے، جو جلد از جلد اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  ایس پی صدر سرفراز ورک  جے آئی ٹی کے سربراہوں گے، ڈی ایس پی تھانہ رمنا، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس ایچ او تھانہ رمنا کے علاوہ آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کا ایک ایک نمائندہ بھی جے آئی میں شامل ہوگا۔

ادھر  پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اسامہ ستی کے قتل  کا معاملہ سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ سابق ترجمان بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ  مہلک قسم کے ہتھیار آخری آپشن ہونے چاہئیں اور یہ معاملہ 6 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی10 میں  اے ٹی ایس اہلکاروں  نے سیدھی گولیاں چلا کر  اسامہ ستی  کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ ابتدائی  تفتیش میں پولیس افسران نے تسلیم کیا کہ اہلکاروں سے غلطی ہوئی۔اسلام آباد پولیس کے مطابق گاڑی نہ روکنے کی وجہ سے پولیس نے پیچھے سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔مقتول کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق اسامہ کو 5 گولیاں سامنے سے لگیں جبکہ مجموعی طور پر 17 گولیاں ماری گئیں۔