بھارت میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے، امریکا کی تشویش

Apr 01, 2021 | 08:51:AM
بھارت میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے، امریکا کی تشویش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم ہورہے ہیں غیرمعمولی طور پر انسانی حقوق کے مسائل سنگین بنتے جارہے ہیں۔ ہندوستانی مسلمانوں کے ساتھ دیگر اقلیتوں پر بھی سرکاری حکام اور پولیس کی جانب سے ظلم و زیادتیاں کی جارہی ہیں۔ ان پر تشدد کیا جارہا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کےمطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس ماورائے عدلیہ کارروائی کرتے ہوئے بے قصور اقلیتوں کو ہلاک کررہی ہے۔ اندھادھند گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔ اظہارخیال کی آزادی پر پابندی عائد کرتے ہوئے جیل میں ڈالا جارہا ہے۔ صحافت کا گلا گھوٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ خواتین، مذہب کی بنیاد پر اور سماجی رتبے کے حامل افراد کے بشمول اقلیتی گروپ کے ارکان کو پرتشدد نشانہ بناتے ہوئے ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ نے انسانی حقوق سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے گروپوں کو سب سے زیادہ خطرات کا سامنا ہے۔ امریکی رپورٹ میں ہندوستانی وزارت داخلہ کی 2016ء سے لیکر 2017ء تک کی رپورٹ کے اعدادوشمار کا بھی تذکرہ کیا گیا، جس کے مطابق مذکورہ ایک سال کے عرصہ میں فرقہ وارانہ فسادات اور مذہبی بنیادوں پر تشدد میں سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے۔ امریکہ نے دنیا میں انسانی حقوق سے متعلق یہ بھی نوٹ کیا کہ ایران، چین، روس اور شام سمیت کئی ممالک میں اپوزیشن قائدین کو پرتشدد نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں جیل میں ڈالا جارہا ہے۔ کانگریس کو پیش کردہ رپورٹ میں امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکہ سے امداد حاصل کرنے والے ممالک اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک نے انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کی صورتحال کا احاطہ کیا جاتا ہے۔ 2020ء میں بہت سے بے قصور افراد حکمرانوں کے پیدا کردہ سفاک اور ابتر ماحول میں مصائب کا شکار ہورہے ہیں۔ رپورٹ میں ہندوستان اور چین کا بطور خاص حوالہ دیا گیا ہے۔ چین کے جنوب مغربی صوبہ سنکیانگ میں ایغور مسلمانوں پر زیادتیاں ہورہی ہیں۔شام کے صدر بشارالاسد پر بھی تنقید کی گئی ہے۔ میانمار کے حالات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے روہنگیا کے مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتیوں کا بھی نوٹ لیا گیا ہے۔ شام میں عوام کے خلاف مظالم اور اوچھے ہتھکنڈوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس رپورٹ میں روس کو مخالف حکومت، سیاسی قائدین اور پرامن مظاہروں میں حصہ لینے والوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر بھی تنقید کی گئی۔ روس کے ہر سرکاری محکموں میں کرپشن کا راج ہے۔ ایران کے بارے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری حکام نہ صرف اپنے شہریوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہیں بلکہ وہ شام، عراق اور یمن میں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب ہورہے ہیں۔ رپورٹ میں صحافیوں کو گرفتار کرنے اور انتقامی کارروائیوں پر بھی تنقید کی گئی۔ امریکہ نے سعودی عرب میں انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری کی ستائش کی ہے۔