وزارت خزانہ نے عوام کو خوشخبری سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) وزارت خزانہ نے روپیہ کی قدر میں بہتری اور تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر مہنگائی میں کمی کی نوید سنائی ہے، رواں ماہ مہنگائی کی شرح 21 سے 22.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ میں کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما معیشت سنبھلنے لگی ہے اور آنیوالے مہینوں میں معاشی کارکردگی میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضروری اشیا کی بروقت درآمد اور دیگر حکومتی اقدامات سے سپلائی لائن اور قیمتوں میں استحکام آیا اور روپیہ کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں ماہ مہنگائی کی شرح 21 سے 22.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، اگست میں یہ شرح 27 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں برآمدات 5.5 فیصد اضافہ سے 7.6 ارب ڈالر رہیں، اس دوران ٹیکس ریونیو میں 17 فیصد اضافہ ہوا، بجٹ خسارہ 45 فیصد بڑھ کر 672 ارب روپے رہا، ترسیلات زر میں 6.3 فیصد کمی آئی اور وہ 7.7 ارب ڈالر رہیں۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب سے زراعت تباہ ہوچکی ہے، گنے کی پیدوار 8 فیصد، چاول کی پیدوار 40.6 فیصد اور کپاس کی پیدوار 24.6 فیصد کم ہوئی، جوالائی تا ستمبر کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 ارب 20 کروڑ ڈالر رہا، مجموعی سرمایہ کاری میں 8.7 فیصد کمی ہوئی ہے۔ 26 اکتوبر 2022 تک سٹیٹ بینک کے ذخائر 8 ارب 88 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہے تاہم مجموعی معاشی صورتحال بہتر نظر آرہی ہے۔