پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)جائیں تو جائیں کہاں؟حکومت نے ایک بار پھر مہنگائی کی ماری عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری کر لی۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کیلئے 15 روپے فی لٹر تک اضافے کا امکان ہے، ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 11 روپے فی لٹر تک اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج رات کیا جائے گا، اس حوالے سے اوگرا آج سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوائے گی جس کے بعد وزیر خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا حتمی اعلان کریں گے۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس لگ گیا،گاڑیاں مہنگی
ایران اسرائیل جنگ کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت بڑھنے سے پاکستانی معیشت بھی متاثر ہوگی،رپورٹ کے مطابق پاکستان کےکرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا، تیل 75 ڈالرفی بیرل ہونے سے پاکستانی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں2.3 ارب ڈالرکا اضافہ ہوسکتا ہے، تیل 80 ڈالر فی بیرل ہونے سےکرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں دو بلین ڈالر کا منفی اثر ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق تیل 85 ڈالر فی بیرل ہونے سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر 3.1 ارب ڈالر منفی اثر ہوگا، تیل 90 ڈالر فی بیرل ہونے پرکرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 3.49 ارب ڈالر اضافہ ہوسکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل ہوئی تو ایک ڈالر 285.4 روپےکا ہوگا، تیل کی قیمت 85 ڈالر فی بیرل ہونے سے ایک ڈالرپاکستانی روپے میں 287.17 روپے کا ہوگا، تیل کی قیمت 90 ڈالر فی بیرل ہونے سے ایک ڈالر 288 روپے کا ہوسکتا ہے، تیل کی قیمت 95 ڈالر فی بیرل ہونے سے ڈالر 290.5 روپےکا ہونےکا امکان ہے، تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل ہوتی ہے تو ایک ڈالر 292.1 روپےکا ہو نے کا امکان ہے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 80 ڈالرفی بیرل ہونے پرپاکستان میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ کرنا پڑےگا، تیل فی بیرل85 ڈالر ہونے سے پاکستان کو پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کرنا پڑےگا، تیل فی بیرل90 ڈالر ہونے سے پاکستان کو پیٹرول کی قیمتوں میں90 روپےفی لیٹر اضافہ کرنا پڑےگا، تیل کی قیمت فی بیرل 95 ڈالر ہونے سے پاکستان کو پیٹرول کی قیمتوں میں 130 روپے فی لیٹراضافہ کرنا پڑےگا، تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل ہونے پرپاکستان کوپیٹرول کی قمیت 180 روپےفی لیٹربڑھانا پڑےگی۔