جنرل قمر جاوید باجوہ کو پورے اعزاز کے ساتھ رخصت کیا گیا

Nov 29, 2022 | 14:56:PM
کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی کے گراؤنڈ میں ہوئی جس کے بعد سبکدوش آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پرتپاک انداز سے جی ایچ کیو سے رخصت کیا گیا
کیپشن: جنرل قمرجاوید باجوہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی کے گراؤنڈ میں ہوئی جس کے بعد سبکدوش آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پرتپاک انداز سے جی ایچ کیو سے رخصت کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران موجود تھے۔

سبکدوش آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور آرمی چیف اپنی 6 سالہ مدت کے دوران ملک و قوم کے لئے جو ہو سکتا تھا وہ کیا اور وہ اس سے مطمئن ہیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی طرف دیکھتے ہوئے جنرل باجوہ نے کہا کہ اب فورس کی کمان ان کے حوالے ہے اور یہ بہترین آفیسر ہیں۔

بعد ازاں جنرل باجوہ اپنے سکیورٹی اسٹاف سے بھی ملے۔ جنرل باجوہ کو پورے اعزاز کے ساتھ جی ایچ کیو سے رخصت کیا گیا۔

پاک فوج کی کمان کی تبدیلی کی تقریب میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم خوشگوار موڈ میں نظر آئے تاہم انہوں نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دینے سے گریز کیا۔ لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم نے کہا کہ جتنا سچ وہ بول سکتے تھے وہ بول چکے ہیں، مزید کچھ نہیں کہیں گے۔

وزیردفاع خواجہ آصف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پرامن اور خوشگوار ماحول میں پاک فوج میں کمان کی تبدیلی ہوئی ہے جو خوش آئند ہے، اب ملکی معاملات میں بھی بہتری آئے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اس معاملے کو بھی متنازع بنانے کی کوشش کی تھی مگر اسے ناکامی ہوئی، نئے آرمی چیف ایک انتہائی پیشہ ور اور بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ انہیں امید ہے کہ ان کی قیادت میں پاک فوج مزید ترقی کی منازل طے کرے گی۔ انہوں نے اس موقع پر نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارکباد بھی دی۔