نگران وزیراعظم ،اسحاق ڈار بھی دوڑ میں شامل ،ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا:پیپلز پارٹی

Jul 24, 2023 | 11:57:AM
نگران وزیراعظم ،اسحاق ڈار بھی دوڑ میں شامل ،ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا:پیپلز پارٹی
کیپشن: اسحاق ڈار، فائل فوٹو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وزیراعظم کے اسمبلیوں کی تحلیل اور عام انتخابات کے حوالے سے اعلان کے بعد ملک میں سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔نگران سیٹ اپ کیلئے حکمران جماعتوں میں مشاورت جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ن لیگ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے،پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

نگران وزیر اعظم کیلئے مختلف نام سامنے آئے ہیں ،تازہ نام جو اس وقت زیر گردش ہے وہ موجودہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ہیں ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے اسحاق ڈار کو نگران وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم اس کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔

جب اس حوالے سے سینیٹر اسحاق ڈار سے صحافی نے سوال کیا تو انہوں نے تردید کرنے سے گریز کیا۔اسحاق ڈار سے ایک انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ کیا آپ کو نگران وزیراعظم بنایا جارہا ہے ؟ اور اگر بنایا جارہا ہے تو کیا آپ یہ عہدہ قبول کرلیں گے؟ اس پر اسحاق ڈار کا جواب تھا کہ اب تک جو ذمے داری انہیں ملی ہے، انہوں نے بخوبی نبھائی ہے، اللہ تعالیٰ کو جس سے جو کام لینا ہو لے لیتے ہیں۔

ضرور پڑھیں:عمران خان کیخلاف وکیل قتل کیس ،عدالتی فیصلے پر حکومت ہاتھ ملتی رہ گئی

 اسی طرح وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہےکہ اسحاق ڈار کو کوئی بھی ذمے داری دی جائے وہ اس کےاہل ہیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لیے لیڈرآف دی ہاؤس تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کریں گے،سیاسی جوڑ توڑ پر اس وقت کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔

دوسری جانب پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ نگران وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی اپنی طرف سے نام تجویز کرے گی۔ پارٹی کی لیڈر شپ اور کور کمیٹی نے نگران وزیراعظم کے نام سےمتعلق فیصلہ کرنا ہے، (ن) لیگ کی طرف سے نگران وزیراعظم کے لیے جو بھی نام آئیں گے اس پر بات چیت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ابھی تک نگران وزیراعظم کے لیے کوئی نام فائنل نہیں کیا، نگران وزیراعظم کے لیے ناموں پربات چیت ہورہی ہے، حتمی لسٹ جلد سامنے آجائےگی، دو چار روز میں پیپلزپارٹی نگران وزیراعظم کے لیے نام تجویز کرلے گی۔ آصف زرداری اور نوازشریف کی دبئی میں کوئی میٹنگ نہیں ہوئی، آصف زرداری اس وقت دبئی سے باہر ہیں، ان کی نوازشریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا،کل فیک نیوز کے ذریعے کسی کو نگران وزیراعظم کا تاج پہنایا گیا،پیپلزپارٹی کونہ کوئی نام پیش کیا گیا نہ ہم نے کسی نام پر اتفاق کیا، نگران حکومت کیلئے غیرجانبداری لازمی ضرورت ہے،کسی نہ کسی نام پر اتفاق ضرور ہوگا، مشاورت میں وقت لگتا ہے،پیپلزپارٹی کا اس وقت مقابلہ صرف حالات سے ہے۔