بنوں آپریشن مکمل، اہلکار بازیاب،تمام دہشتگرد ہلاک، 2 شہادتیں ہوئیں،خواجہ آصف

Dec 20, 2022 | 18:51:PM
بنوں, آپریشن ، اہلکار ,بازیاب، دہشتگرد, ہلاک،خواجہ آصف
کیپشن: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بنوں میں انسداد دہشتگردی کے ادارے (سی ٹی ڈی) کمپاؤنڈ پر قابض دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کر لیا گیا، کارروائی کے دوران تمام ملک دشمن ہلاک ہو گئے جبکہ 2 شہادتیں ہوئی جبکہ تمام یر غمال اہلکاروں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق اسلام آبادمیں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بنوں کی صورتحال کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔ 20 دسمبر کو دن ساڑھے بارہ بجے بنوں میں ایس ایس جی کمانڈوز آپریشن کا آغاز کیا، یہ آپریشن دن ڈھائی بجے مکمل کر لیا گیا، آپریشن میں تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ،خواجہ آصف نے کہا کہ اس دوران تقریباً 15 ایس ایس جی کمانڈوز زخمی ہوئے اور دو شہادتیں ہوئی ہیں، دو دن قبل سی ٹی ڈی سنٹر میں ایک دہشت گرد واش روم استعمال کرنے کے بہانے اندر داخل ہوا اور اس نے سی ٹی ڈی اہلکار کو اینٹ مار کر اس سے گن چھین لی، اس کے بعد 33 کے قریب دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی سنٹر کے اہلکاروں کو یر غمال بنا لیا۔

کے پی کے میں سرحد پار سے دہشت گردی ہو رہی ہے جبکہ صوبائی حکومت زمان پارک میں عمران خان کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے، صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر عمران خان کے زیر استعمال ہے، عمران خان خواب دیکھ رہا ہے کہ دوبارہ وہاں حکومت بنائے گا۔

دوسری جانب سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر تمام دہشت گردوں کو ہلاک کئے جانے کے بعد سرچ آپریشن کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اتوار کے روز بنوں میں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تھا اور اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا جس پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بنوں میں سکول بند ہیں اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ علاقے میں موبائل فون سروس بھی مکمل طور پر بند ہے۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا،اسپیکر قومی اسمبلی نے صدارتی احکامات پڑھ کر سنائے۔