پاکستان اور سعودیہ میں دفاعی معاہدہ، بھارت کا ردعمل بھی آ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم ترین سٹریٹجک دفاعی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کا چرچا اس وقت پوری دنیا میں ہے تاہم اب بھارت نے بھی اس پر رد عمل جاری کر دیاہے ۔
تفصیلا ت کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ ’’ہم نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کی رپورٹس دیکھی ہیں، حکومت کو علم تھا کہ یہ پیش رفت، جو دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے جاری انتظام کو باضابطہ شکل دیتی ہے، زیر غور تھی۔
ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہم اس پیش رفت کے مضمرات کو اپنی قومی سلامتی کیساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی استحکام کے تناظر میں بھی دیکھ رہے ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ حکومت بھارت کے قومی مفاد کے تحفظ اور ہر شعبے میں جامع قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کےسیلاب زدہ علاقوں سے پانی اُترنا شروع ، سندھ کے بیراجوں پر دباؤ، کچا ڈوب گیا
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف سعودی عرب پہنچے جہاں ان کا تاریخ ساز استقبال کیا گیا جس کے بعد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی جس دوران دونوں رہنماؤں نے سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیئے، معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی بڑھانے اور امن کے حصول کےلیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتاہے۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری ہے، معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہے، معاہدہ کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع اور تحفظ کو مضبوط بنانا ہے، معاہدے کے مطابق کسی بھی ایک ملک پر جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔