نااہل افسروں  نے چھٹی نہ دی۔۔ کورونا سے متاثرہ حاملہ جان سے گئی 

Sep 17, 2021 | 20:46:PM
کورونا ، انتقال ، حاملہ خاتون
کیپشن: کورونا سے انتقال کرنیوالی حاملہ خاتون اسرا صامی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب رپورٹ)مصر کے صوبے الشرقیہ میں کرونا سے متاثرہ 35 سالہ نوجوان حاملہ خاتون افسروں کی غفلت کے باعث دفتر سے رخصت نہ ملنے پر انتقال کر گئی۔  

العریبہ اردو کی ویب رپورٹ کےمطابق اسرا صامی نوجوان خاتون فارماسسٹ کے طور پر کام کرتی تھی اور اس کے آفس کے ذمے داران نے بیماری کی رخصت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ وفات سے قبل فیس بک پر ایک پوسٹ میں تحریر کیا تھا کہ اس نے دفتری ذمے داران کو پیش کیے گئے خط میں اپنے حاملہ ہونے اور رخصت کی ضرورت کے حوالے سے آگاہ کر دیا تھا۔ تاہم زقازیق شہر میں ہیلتھ انشورنس اتھارٹی کی خاتون اہل کار نے متوفیہ کے خط کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے طبی معائنوں اور ایکسرے کی رپورٹ پیش کرے جن سے اس کے حاملہ ہونے کی تصدیق ہو۔ خاتون نے اپنی پوسٹ میں مزید بتایا کہ خاتون اہلکار کی ہٹ دھرمی کے باوجود وہ اپنے ذمے دار ڈائریکٹر سے منظوری لینے میں کامیاب ہو گئی تھی تاہم حکام نے خاتون سے انتظار کا مطالبہ کیا تا کہ اس کے خط کو قاہرہ ارسال کر کے اعلی حکام سے منظوری لی جا سکے۔اس تاخیر اور کرونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران میں کام پر جانے کے نتیجے میں خاتون اس وبائی مرض کی لپیٹ میں آ گئی اور اس کی حالت تیزی سے بگڑنے لگی۔خاتون فارماسسٹ نے اپنی موت سے دو روز قبل فیس بک پر لکھا کہ "میں مرنے کے قریب ہوں"۔اس کے بعد بدھ کی صبح اس نے آخری سانسیں لیں اور اپنے بچے کو بطن میں ساتھ لیے دنیا سے رخصت ہو گئی۔آٹھ ماہ کی حاملہ خاتون کی بچے سمیت تدفین بدھ کی شام زقازیق شہر میں ہوئی۔ 

اس واقعے نے سوشل میڈیا پر عوامی حلقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ الشرقیہ صوبے میں فارماسسٹس ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ اس شرم ناک واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ذمے دار افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: شلپا شیٹھی بہن کیلئے میدان میں آ گئی۔۔ اچھے لمحات کی ویڈیو شیئر کردی