قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، گورنر پنجاب کی شہید لیاقت کے اہل خانہ سے ملاقات

May 15, 2026 | 21:38:PM
 قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، گورنر پنجاب کی شہید لیاقت کے اہل خانہ سے ملاقات
کیپشن: گورنر سردار سلیم حیدر منکور مین لیاقت شہید کے گھر پر ان کے اہل خانہ کے ساتھ فاتحہ خوانی میں شریک ہیں۔
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)  پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان  شہید لیاقت کے آبائی گھر جا کر اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرنے کے لئے  اٹک کے علاقہ جنڈ کے گاؤں منکور پہنچ گئے۔

پنجاب کے گورنر نے گزشتہ دنوں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگرد کا خودکش حملہ ناکام بنانے کے لئے اپنی جان قربان کر دینے والے شہری لیاقت شہید کے گھر جا کر  ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور شہید لیاقت کے لئے فاتحہ پڑھی۔ گورنر سردار سلیم نے  شہید لیاقت کے  اہلِ خانہ کے لیے  صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

گورنر نے کہا کہ  شہید لیاقت نے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ وہ  ایک سادہ کسان تھے جو اپنی بکریاں چرا رہے تھے۔ انہوں نے خطرناک صورتحال کو فوراً سمجھا اور دوسروں کی جانیں بچانے کے لئے دلیرانہ فیصلہ کیا۔ 

پنجاب کے گورنر نے  شہید لیاقت کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، شہید لیاقت نے اپنی جان قربان کر کے کئی لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔

گورنر نے بتایا کہ  صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے  شہید لیاقت کے لیے اعلیٰ ترین اعزاز منظور کیا ہے۔  یہ اعزاز شہید لیاقت کی  والدہ نے وصول کیا۔

پنجاب کے کورنر نے شہید  لیاقت کے بیٹے کے تعلیم کے اخراجات  خود ادا کرنے کی ذمہ داری لی۔ اس موقع پر  پروفیسر طاہر نعیم ملک  نے شہید کے بیٹے حسن کی نمل یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا۔ 

جامعہ کے ریکٹر جنرل شاہد کیانی کی جانب سے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ 

اہلِ علاقہ نے  اس اقدام کو شہید کے خاندان کے لیے حوصلہ افزا قرار دے دیا۔

سردار سلیم حیدر  نے کہا، قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ اس علاقے کے لوگ پہلے بھی اپنی دھرتی پر قربان ہوۓ ۔  آئندہ بھی جب بھی اس سر زمین کو ضرورت ہوئی اس علاقے کے لوگ کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کر یں گے ۔
سردار سلیم حیدر  نے کہا، یہ علاقہ اپنی دلیری اور محب الوطنی میں اپنی خاص شناخت رکھتا ہے ۔شہید لیاقت کے گھر پر تعزیت کے لئے جانے کے موقع پر  پنجاب کے کورنر کے ہمراہ پروفیسر طاہر نعیم ملک، سردار فیضان اور سردار علی بھی موجود تھے