سپیکر سردار ایاز صادق نے اپوزیشن کو مذاکرات کی ایک بار پھر پیشکش کردی

Nov 12, 2025 | 14:25:PM
 سپیکر سردار ایاز صادق نے اپوزیشن کو مذاکرات کی ایک بار پھر پیشکش کردی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا حل صرف بات چیت اور اتفاقِ رائے میں ہے۔

قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا ’وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے بھی اسی ایوان میں کھڑے ہو کر اپوزیشن کو بار بار مذاکرات کی دعوت دی، جبکہ وفاقی وزیرِ قانون و انصاف نے بھی متعدد بار یہی پیشکش کی۔‘

سردار ایاز صادق نے کہا کہ وہ بطورِ اسپیکر، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے لیے سہولت کاری کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور اپوزیشن آپس میں بیٹھیں گے تو یقیناً راستے نکلیں گے۔

’اگر پہلے دن کوئی نتیجہ نہ بھی نکلے تو بات چیت جاری رکھنے سے بالآخر بہتری کے دروازے کھلیں گے۔‘

سپیکر نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کے پلیٹ فارم پر لانا ان کی ذمہ داری ہے، اور وہ یہ کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپوزیشن بنچوں کی جانب دیکھتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے کہا ’میں نے آپ کے لیڈر کو دو مرتبہ ہرایا ہے، اور اس الیکشن میں بھی میرے خلاف کوئی پٹیشن دائر نہیں ہوئی،کسی نے یہ بھی نہیں کہا کہ میرے حلقے کے انتخابی نتائج غلط ہیں، پھر آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ ہم عوام کے حقیقی نمائندے نہیں؟۔

یہ بھی پڑھیں:بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے:اسحاق  ڈ ار

انہوں نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ لڑائی اور اختلافات کے بجائے قومی مفاہمت کا راستہ اختیار کرے۔

’میں اپوزیشن سے کہتا ہوں کہ میری مذاکرات کی دعوت قبول کریں ، حل اسی ایوان سے نکلے گا، لڑائی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔‘

سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ’آپ کہتے ہیں کہ بھارت، افغانستان اور ایران سے مذاکرات کریں تو اس کے لیے بھی یہاں بیٹھنا پڑے گا۔ اگر ہم اپنے ہی ایوان میں بات چیت نہیں کر سکتے، تو دنیا سے کیسے کریں گے؟‘