علیم خان لندن مشن مکمل کر کےلاہور پہنچ گئے

Mar 12, 2022 | 13:07:PM
علیم خان، فائل فوٹو
کیپشن: علیم خان، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)علیم خان لندن سے وطن واپس آگئے ہیں اور آج لاہور میں وہ سیاسی اعتبار سے کافی مصروف دن گزاریں گے۔

 تفصیلات کے مطابق ترین گروپ کے رکن عبدالعلیم خان سے حکومتی، اپوزیشن اور ترین گروپ کے رابطے تیز ہونے لگے ہیں۔علیم خان کی لندن سے واپسی پر حکومت سمیت اپوزیشن اور ترین گروپ نے رابطوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے جبکہ علیم خان اپنے گروپ کے رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے رابطے تیز کریں گے۔  علیم خان سیاسی صورتحال اور دورہ لندن پر دوستوں کو اعتماد میں لیں گے اور ساتھ ہی چند روز میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بڑا فیصلہ کریں گے۔

یاد رہے کہ عبدالعلیم خان رواں ہفتے دورہ لندن پر گئے تھے جہاں وہ سیاسی طور پر سرگرم نظر آئے تھے۔ دورہ لندن کے دوران علیم خان نے نواز شریف سمیت جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی اور انہیں موجودہ صورتحال اور اپنے تخفظات کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے  پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے صوبائی وزراء اور ارکان سمیت ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد میں بہت سارے ساتھی عمران خان کے ساتھ تھے، ان میں جہانگیر ترین کا بہت بڑا کردار ہے۔

علیم خان نے کہا کہ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہونے کیلئے جہانگیر ترین کے ممنون ہیں، جہانگیر ترین علیل ہیں میں نے خود کہا تھا کہ یہ ملاقات ان کے گھر پر رکھیں، یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ انہیں بھولے نہیں کیوں کہ سیاست مشکل میں دوستوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام  ہے جبکہ عمران خان سب کےلئے قابل احترام ہیں،پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج پنجاب میں جو کچھ ہورہا ہے جس طرح کی حکمرانی ہے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو اور ووٹ دینے والوں کو تشویش ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر اجلاس منعقد ہوا جس میں علیم خان سمیت سینئر رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں 3 صوبائی وزراء سمیت 19 ارکان بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں:    تحریک عدم اعتماد ۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اگلے ہفتے بلانے کا امکان