شاہ محمود قریشی اور صنم جاوید کی الیکشن لڑنے کی اجازت کیلئے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ 

Jan 12, 2024 | 18:39:PM
شاہ محمود قریشی اور صنم جاوید کی الیکشن لڑنے کی اجازت کیلئے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ 
کیپشن: شاہ محمود قریشی، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور کارکن صنم جاوید کی الیکشن لڑنے کی اجازت کیلئے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے این اے 150 ، این اے 151 اور پی پی 218 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا ،جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی ،درخواستوں میں الیکشن کمیشن، الیکشن اپیلٹ ٹربیونل سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ،الیکشن کمیشن کے وکیل نے شاہ محمود قریشی کی درخواستیں خارج کروانے کیلئے دلائل دئیے۔
وکیل شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کاغذات نامزدگی پر دستخط کا اعتراض بھی لگایا گیا،جب دستخط کی درخواست گزار تصدیق کر رہا ہے تو اعتراض نہیں ہونا چاہیے،جسٹس علی باقر نجفی نے کہاکہ آر او اپنی تسلی کیلئے امیدوار کو طلب بھی کرسکتا ہے ۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ درخواست گزار ہائی پروفائل شخصیت اور نو مئی واقعات میں گرفتار ہے، جیل رولز کے مطابق اتھارٹی کی منظوری کے بغیر اجازت نہیں دی جاتی ،جسٹس علی باقرنجفی نے کہاکہ آپ متعلقہ رولز پڑھیں، وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ اوتھ کمشنر کی جیل میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کا ریکارڈ نہیں، شاہ محمود قریشی کے کاغذات اور بیان حلفی پر دستخط کی تصدیق نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات سے آؤٹ طلال چودھری کیلئے ن لیگ کی بڑی آفر

دریں اثنااین اے 119، این اے 120اور پی پی 150سے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کی الیکشن لڑنے کی اجازت کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی،وکیل صنم جاوید نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ جوائنٹ اکاؤنٹ کا اعتراض عائد کیا گیا ،ایکٹ میں ترمیم کی گئی اکاونٹ کے حوالے سے مگرابھی تک گزٹ نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا ،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ قانون کے مطابق اب امیدوار کا اپنا اکاؤنٹ ہونا چاہیے ،امیدوار اپنا بنک اکاؤنٹ دینے کا پابند ہے ، جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ آپ نے ابھی تک یہ ترمیم شائع نہیں کی ،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ یہ شائع ہو چکی ہے حتی کہ کتابوں میں بھی چھپ چکی ہیں ،قانون کے مطابق اب جوائنٹ اکاونٹ قابل قبول نہیں ۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد شاہ محمود قریشی اور صنم جاویدکی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔