لاہور ہائیکورٹ:سموگ تدارک، ماحولیاتی آلودگی کا 8سال سے زیر سماعت کیس کا فیصلہ سنادیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق آٹھ سال سے زیرِ سماعت مفادِ عامہ کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے 268 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
جسٹس شاہد کریم نے فیصلے کا آغاز معروف امریکی رہنما مارٹن لوتھر کنگ کے قول سے کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ دنیا ٹکڑے ٹکڑے بھی ہو رہی ہو تو درخت لگانے کا عمل نہیں چھوڑنا چاہیے۔
فیصلے میں جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ اس کیس کے دوران کیے گئے اقدامات کی وجہ سے شاید اللہ ہم پر رحم کرے۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ عدالت گزشتہ برسوں کے دوران جن اقدامات کا حکم دیتی رہی، اب حکومت ان پر عمل درآمد کر رہی ہے۔
عدالت نے ماحولیاتی کمیشن کے ارکان کا بھی عدالتی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف یہ درخواست شہری ہارون فاروق نے 2018 میں لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی، جو طویل عرصے سے زیرِ سماعت تھی۔
فیصلہ سنائے جانے کے وقت ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز سمیت متعلقہ حکام عدالت میں موجود تھے، وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصراحمد مرزا، پنجاب حکومت کے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل حسن اعجاز چیمہ اور ماحولیاتی کمیشن کے سیکرٹری فرحان سعید شیخ بھی کمرۂ عدالت میں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:خوشخبری!وزیر تعلیم پنجاب کانوجوانوں کو ہزاروں ڈالر کے گوگل سرٹیفکیشن کورسز مفت کرانے کا اعلان
اس کے علاوہ پی ایچ اے کے لیگل ایڈوائزر بیرسٹر حارث عظمت، واسا کے لیگل ایڈوائزر میاں عرفان اکرم، واسا کے ڈائریکٹر لیگل محمد شازب امین اور ایل ڈی اے سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی عدالت میں موجود تھے۔