عثمان بُزدار کو گرفتار کرنے کا فیصلہ، نیب ذرائع

Jul 10, 2023 | 14:53:PM
عثمان بُزدار کو گرفتار کرنے کا فیصلہ، نیب ذرائع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سعود بٹ) قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی گرفتاری کیلئے چیئرمین نیب سے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔

خیال رہے کہ عثمان بزدار طلبی کے باوجود 14 ویں مرتبہ نیب لاہور میں پیش نہیں ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ عثمان بزدار پر نئے آرڈیننس کا اطلاق کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور نئے نیب آرڈیننس کے تحت سابق وزیراعلیٰ کو دوران انکوائری بھی گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق عثمان بزدار اور ان کے خاندان پر 9 ارب سے زائد اثاثے بنانے کا کیس زیر تفتیش ہے اور ان کیخلاف گندم برآمد کرنے کا کیس بھی زیر تحقیقات ہے۔

تحریک انصاف کے دور حکومت میں پنجاب کے وزیراعلیٰ رہنے والے عثمان بزدار پر پیسے لے کر تقرریوں کا بھی الزام ہے جبکہ وہ مختلف کیسز میں نیب کے سامنے پیش ہوتے رہے ہیں اور انہوں نے عدالتوں سے ضمانتیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: مجھے شاہ محمود اور چیئرمین پی ٹی آئی کی طرح  ضمانت دے دیں،پرویز الہٰی

واضح رہے کہ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد جہاں پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں نے پارٹی کو خیرباد کہا وہیں گزشتہ ماہ 2 جون کو عثمان بزدار نے بھی تحریک انصاف کو چھوڑ کر سیاست سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ وہ فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔

عثمان بزدار پی ٹی آئی کے دور حکومت میں تین سال سے زائد عرصے تک وزیراعلیٰ رہے اور پی ٹی آئی میں اکثر ان کی کارکردگی سے متعلق اختلافات کی خبریں سامنے آتی رہیں لیکن چیئرمین پی ٹی آئی انہیں اپنا وسیم اکرم پلس قرار دیتے تھے۔