یوم آزادی پر سول ایوارڈز 2026 کے لیے 54 شخصیات کی نامزدگی کی منظوری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(علی رامے)پنجاب حکومت نے یوم آزادی پر سول ایوارڈز 2026 کے لیے 54 شخصیات کی نامزدگی کی منظوری دے دی ۔
پنجاب حکومت نے پاکستان سول ایوارڈز 2026 کے لیے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 54 شخصیات کے نام وفاقی حکومت کو بھجوائے ہیں اور کابینہ نے باقاعدہ اس کی منظوری بھی دے دی ہے،ان شخصیات میں اعلیٰ سرکاری و پولیس افسران، ڈاکٹرز، فنکار، ادیب اور کھلاڑی شامل ہیں، صوبائی سکروٹنی کمیٹی نے نامزدگیوں کا جائزہ لینے کے بعد فہرست حتمی کی اور پنجاب کابینہ سے منظوری لی۔
فہرست میں پبلک سروس کے شعبے میں بریگیڈیئر ساجد عباس، سیکٹر کمانڈر ایم آئی پنجاب کو تمغہ امتیاز، لیفٹیننٹ کرنل بلال خلیل، سب سیکٹر کمانڈر بہاولپور کو تمغہ امتیاز، میجر توصیف علی خان، او سی بی ڈیٹ رحیم یار خان کو تمغہ امتیاز، سابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو ستارہ امتیاز، آئی جی پنجاب عبد الکریم کو ستارہ امتیاز، ایڈیشنل آئی جی پی ساؤتھ پنجاب ملتان محمد کامران خان کو تمغہ امتیازدینے کی سفارش کی گئی ہے۔
آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کو تمغہ امتیاز، ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کو تمغہ امتیاز، آر پی او ڈی جی خان محمد اظہر اکرم کو تمغہ امتیاز اور ڈی پی او راجن پور محمد عمران کو تمغہ امتیاز دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
اسی طرح ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او بھونگ رحیم یار خان محمد اشرف کو تمغہ امتیاز، ڈی آئی جی سی سی ڈی پنجاب لاہور وقاص حسن کو ستارہ امتیاز، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سی پی ڈاکٹر محمد عابد خان کو ستارہ امتیاز، پی سی او پی ایس سی اے ملتان فرحان علی کو تمغہ امتیاز، پی سی او پی ایس سی اے لاہور حافظ محمد جمیل اشرف کو تمغہ امتیاز، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی لاہور محمد احسن یونس کو ستارہ امتیاز، شہید ہیڈ کانسٹیبل ممتاز احمد نمبر 145 ضلع رحیم یار خان کو تمغہ شجاعت اور ایڈیشنل آئی جی پی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کو ہلال امتیاز دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
فہرست میں ڈی آئی جی سی سی ڈی تنویر حسین ٹونیو کو ستارہ امتیاز، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر جاوید احمد قاضی کو ستارہ امتیاز، کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں کو تمغہ امتیاز، سابق پی سی ایس و کمشنر ڈی جی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کو تمغہ امتیاز، ڈپٹی کمشنر راجن پور عمران حسین رانجھا کو تمغہ امتیاز اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ کو تمغہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
اطلاعات و ثقافت کے شعبے سے مرحوم طالب حسین درد کو موسیقی میں پرائیڈ آف پرفارمنس، حماد غزنوی کو میڈیا و شاعری میں پرائیڈ آف پرفارمنس، شفقت اللہ مشتاق کو شاعری و ادب میں پرائیڈ آف پرفارمنس، سید واسی احمد فاطمی کو میڈیا میں پرائیڈ آف پرفارمنس، افتخار ٹھاکر کو اداکاری و کامیڈی میں ستارہ امتیاز، رازی احمد کو پبلک سروس میں پرائیڈ آف پرفارمنس، شعیب احمد کو ثقافتی رپورٹنگ میں پرائیڈ آف پرفارمنس، نشو بیگم المعروف بلقیس بانو کو اداکاری میں ستارہ امتیاز اور مشتاق شفیع کو گلوکاری میں پرائیڈ آف پرفارمنس دینے کی سفارش سامنے آئی ہے۔
مزید نامزدگیوں میں عمران قریشی کو مصوری میں پرائیڈ آف پرفارمنس، زوہیب حسن کو موسیقی/سارنگی میں پرائیڈ آف پرفارمنس، محمد نعیم طاہر کو تھیٹر و پرفارمنگ آرٹس میں ستارہ امتیاز، ترنم ناز کو گلوکاری میں ستارہ امتیاز، سید غلام عباس المعروف محسن نقوی کو شاعری میں ستارہ امتیاز، بشیر احمد کو مصوری میں ستارہ امتیاز، ہدایت اللہ خان کو مصوری و مجسمہ سازی میں پرائیڈ آف پرفارمنس، ایتھلیٹ فائقہ ریاض کو تمغہ امتیاز اور محمد عامر خان کو پبلک سروس میں پرائیڈ آف پرفارمنس دینے کی سفارش شامل ہے۔
دیگر شعبوں میں بابر صاحب دین کو پبلک سروس میں تمغہ امتیاز، ڈاکٹر سجاد حسین کو سائنس، انجینئرنگ، زراعت و آئی ٹی کے شعبے میں تمغہ امتیاز، مرحوم پروفیسر طاہر شمسی کو بون میرو ٹرانسپلانٹ کے شعبے میں ستارہ امتیاز، پروفیسر فیصل سعود ڈار، ڈین کو آرگن ٹرانسپلانٹیشن اور ہیلتھ کیئر مینجمنٹ خدمات پر ہلال امتیاز، پروفیسر محمد خرم کو طب کے شعبے میں ستارہ امتیاز، ڈاکٹر عروج سعید کو سائنس کے شعبے میں تمغہ امتیاز، پنجاب ایمرجنسی سروس کے طاہر عمران انجم کو پبلک سروس میں تمغہ شجاعت، مرحوم پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم کو ادب کے شعبے میں تمغہ امتیاز جبکہ ارشاد بٹ انجم کو ہاسپیٹیلٹی کے شعبے میں تمغہ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب مکمل، مدینہ منورہ سے پاکستان روانہ
دستاویز کے مطابق یہ 51 نام صوبائی سکروٹنی کمیٹی کی سفارشات ہیں اور حتمی منظوری و وفاقی حکومت کو ارسال کی جاچکی ہے جبکہ اس کے ساتھ ظہور احمد خان (پبلک سروس)، ذوالفقار جبار خان المعروف ذلفی (موسیقار) اور سید وہاب حسین شاہ (پرفارمنگ آرٹس) کو بھی سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔