لوڈشیڈنگ کے حوالے سے شوکت ترین کا دعوی

Jul 07, 2022 | 16:28:PM
شوکت ترین ، بڑا دعوی
کیپشن: شوکت ترین فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما، سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ یہ ہے کہ کوئلہ مہنگا ہوگیا ہے، ایل این جی مہنگی ہوئی ہے جس وجہ سے منگوائی نہیں جا رہی۔

تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں شوکت ترین نے کہا ہے کہ آر ایل این جی کے پلانٹ کم کیپیسٹی پر چل رہے ہیں، اگر آپ ایندھن نہیں منگوائیں گے تو پاور پلانٹ کیسے چلیں گے؟ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ روس سے تیل لینے پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن موجودہ حکومت امریکا سے ڈرنے کی وجہ سے تیل نہیں لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں نالائق کہتے تھے، یہ خود نا لائقوں کی یونیورسٹی کے ہیڈ ہیں، ن لیگ کی حکومت نے اوور کیپیسٹی پہلے ہی کر دی تھی، ن لیگ نے امپورٹڈ فیول پر پاور پلانٹ لگائے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ آج ملک میں 8 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ یکم جولائی سے لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، ہمیں بھی تو مشکلات تھیں، ہم اِدھر اُدھر سے پیسوں کا بندوبست کر کے لوگوں کو بجلی فراہم کرتے تھے۔ پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی تو عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے پر عوام کو فوری ریلیف دیتی۔ حکومت عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے پر عوام کو ریلیف دے۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی کا 14 سال کا ریکارڈ موجودہ حکومت نے توڑ دیا ہے۔

سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہونے جا رہا ہے، نیا الیکشن اور نیا مینڈیٹ ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔