3 ائیرپورٹس سمیت 25 سرکاری اداروں کی نجکاری، حکومت نے فہرست جاری کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم) وفاقی حکومت نے پانچ سالہ نجکاری پروگرام کی نئی فہرست جاری کر دی ہے، جس کے تحت تین مراحل میں مجموعی طور پر 25 سرکاری اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔
پروگرام کے پہلے مرحلے میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کی نجکاری ایک سال کے اندر مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک کی کامیاب نجکاری کے بعد دونوں اداروں کو نجکاری پروگرام کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 11 اداروں کی نجکاری کی جائے گی، جن میں اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنیاں، روزویلٹ ہوٹل نیویارک، زرعی ترقیاتی بینک، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، پاکستان انجینئرنگ کمپنی اور سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ بھی شامل ہیں,دوسرے مرحلے، جو ایک سے تین سال پر مشتمل ہوگا، میں 13 اداروں کی نجکاری کا منصوبہ ہے۔
ان میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو)، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی، جامشورو پاور کمپنی، سینٹرل پاور جنریشن کمپنی، ناردرن پاور جنریشن کمپنی، لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن اور پاکستان ری انشورنس کمپنی شامل ہیں۔
تیسرے اور آخری مرحلے، جو تین سے پانچ سال پر محیط ہوگا، میں پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری مکمل کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں :عمران خان سے ملاقات کا دن، فہرست جیل حکام کو ارسال