عمران خان کی گرفتاری کسی کے حکم پر نہیں عدالتی حکم پر ہوئی، رانا ثناء اللہ

Aug 05, 2023 | 19:16:PM
ای لائیبریریز اور بنا سود قرضوں جیسی یوتھ امپاورمنٹ سکیموں کا سہرا ن لیگ کے سر ہے، رانا ثناء اللہ
کیپشن: فوٹو (اسکرین گریب)
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی مکافات عمل کا شکار ہیں، ان کی گرفتاری کسی کے حکم پر نہیں بلکہ عدالتی حکم پر ہوئی۔

فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عدالتی کارروائی میں تاخیری حربوں سے کام لیتے رہے، عدالت نے اپنی کارروائی مکمل کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ دیا، وہ اس فیصلے کو بڑی عدالتوں میں چیلنج کر سکتے ہیں، عمران خان نے سیاست میں نفرت اور گالم گلوچ کا کلچر متعارف کروایا، ان کے کہنےپر ہی جج کیخلاف سوشل میڈیاپر پروپیگنڈا کیا گیا، اس سب کے باوجود پی ٹی آئی پر بطور سیاسی جماعت کوئی پابندی نہیں لگنے جارہی۔

نگران سیٹ اپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدھ تک نگران وزیراعظم کا نام سامنے آ جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں ایک لاکھ ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جارہے ہیں اور میں ان طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

 کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں ہی لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز کیا گیا تھا اور ای لائبریریز، انٹرسٹ فری لون سمیت یوتھ امپاورمنٹ کی متعدد سکیموں کا سہرا مسلم لیگ ن کے سر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیف سکالرشپ فنڈ قائم کیا تاکہ غربت کی وجہ سے کوئی بھی تعلیم سے محروم نہ رہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آج میڈیا، ٹیکنالوجی اور انفارمیشن کا دور ہے، اس کے بغیر سب مفلوج ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم فیز 3 کے تحت کنیئرڈ کالج طلباء کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے

انہوں نے کہا کہ یہ بچے مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ 

دانش سکول کے حوالے انہوں نے کہا کہ ہمیں دوبارہ موقع ملا تو ہر تحصیل میں دانش سکول کھولیں گے جہاں غریب کے بچوں کو ایچی سن کے معیار کی تعلیم دی جارہی ہے، تعلیم کو عام کرکے ہی شدت پسندی اور انتہا پسندی کو ختم کیا جاسکتا ہے، ہمیں معاشرے سے نفرت ختم کرکے ایک دوسرے کے احترام کو فروغ دینا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کچھ عرصے سے یہ کلچر عام کیا گیا کہ میں ٹھیک ہوں باقی سب چور ہیں، ہمارے نوجوانوں میں زہر بھرا گیا جس سے 9 مئی جیسے واقعات ہوئے۔