قوم کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیئے پر عزم ہیں , سربراہ پاک فضائیہ 

Nov 04, 2023 | 23:36:PM
 قوم کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیئے پر عزم ہیں , سربراہ پاک فضائیہ 
کیپشن: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہاکہ قوم کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہیں ۔
سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی جانب سے ناکام بنائے گئے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد پاک فضائیہ کے میانوالی ایئر بیس کا دورہ کیا،دورے کے دوران، ایئر چیف نے دشمنان وطن کو جہنم واصل کرکے دراندازی کی اس بہیمانہ کوشش کو بروقت ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی غیرمتزلزل پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔
اس موقع پر چیف آف دی ائیر سٹاف نے بیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وطن پر جان نچھاور کرنے کے انکے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی، ایئر چیف نے دہشتگرد تنظیموں و انتہاپسند عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کیلئے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بھرپور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔


انہوں نے بیس اہلکاروں کی حوصلے افزائی کی اور نئے ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاک فوج کی ضرار کمپنی اور سول قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ آپریشنز ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دراندازی کی اس کوشش کو ناکام بنانے کیلئے بروقت مدد فراہم کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا "موجودہ دفاعی صورتحال ہماری جانب سے غیر متزلزل چوکسی اور ایک بے مثال عزم کی متقاضی ہے، ہم قوم کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہیں، پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ "
سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں سے یکجہتی، اور اس امر کی یقین دہانی کرانے کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ پاک فضائیہ کے اہلکار ملک و قوم کے تحفظ کیلئے اپنے فرض پر ثابت قدم ہیں، یہ دورہ پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور لگن کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔