اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر بارود کی برسات جاری،دوہری شہریت کے حامل افراد مصر پہنچ گئے

Dec 04, 2023 | 10:04:AM
اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر بارود کی برسات جاری،دوہری شہریت کے حامل افراد مصر پہنچ گئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)غزہ میں بےگناہ مسلمانوں کا قتل عام جاری۔اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر بارود کی برسات۔دو روز میں400سے زائد حملے، 700سے زائد فلسطینی شہید۔خان یونس، جبالیہ کیمپ،النصر اسپتال کے اطرا ف بھی شدید بمباری،شہدا کی مجموعی تعداد 15 ہزار اور زخمیوں کی تعداد 40 ہزار سے متجاوز،غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے شہدا اور زخمیوں میں سترفیصد تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

 دوسری جانب اسرائیلی آرمی چیف نے بھی جنوبی غزہ میں شدت سے حملوں کی تصدیق کر دی۔اسرائیلی ایجنسی شن بیت نے قطر، ترکیہ اور لبنان میں بھی حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے دھمکی دے رکھی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں کارروائیاں کرتے ہوئے رات گئے کم از کم 60 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

ادھر مصری حکام نے تصدیق کردی ہے کہ عارضی جنگ بندی کے خاتمے اور غزہ پر دوبارہ اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد 871 دوہری شہریت کے حامل شہری رفح کراسنگ کے رستے مصر پہنچ گئے ہیں۔مصری حکام نے بتایا کہ ہفتے اور اتوار کے روز مصر پہنچنے والے دوہری شہریت کے حامل شہریوں میں 17 امریکی اور 130 ترک شہریت کے حامل افراد شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں:بھارت سے بھیک نہیں مانگیں گے:وزیراعظم ،غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

حکام کا کہنا تھا کہ مصر پہنچنے والے دوہری شہریت کے حامل افراد میں مصر، جنوبی افریقا، جرمنی، کینیڈا، آسٹریلیا اور ڈنمارک کے  شہری بھی شامل ہیں۔ ہفتہ اور اتوار کے روز رفح کراسنگ کے ذریعے 13 فلسطینی زخمی بھی مصر پہنچے ہیں۔

فلسطینی ہلال احمر کے مطابق رفح کراسنگ سے اتوار کو امدادی سامان کے 100 ٹرک بھی غزہ میں داخل ہوئے، 21 اکتوبر سے 30 نومبر تک امدادی سامان لے کر 2 ہزار 538 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے۔