پڑوسی ملک میں پٹرول کیلئے قطاریں، پاکستان میں وافر دستیاب، وزیراعظم نے قیمت 80 روپے لٹر کم کروا دی،عطا تارڑ

Apr 04, 2026 | 21:31:PM
پڑوسی ملک میں پٹرول کیلئے قطاریں، پاکستان میں وافر دستیاب، وزیراعظم نے قیمت 80 روپے لٹر کم کروا دی،عطا تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)   وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ  وزیراعظم نے وزرا کی تنخواہیں بند کر  دیں، سرکاری گاڑیاں روک کر کھڑی کر دیں لیکن عوام کیلئے پیٹرول کی قلت نہ ہونے دی۔ پاکستان میں پٹرول وافر دستیاب ہے اور پڑوسی ملک بھارت مین پٹرول کے لئے طویل قطاریں لگ رہی ہیں۔کل  وزیراعظم کی کاوشوں سے 80 روپے فی لیٹر پٹرول کی قیمت کم کی گئی۔  
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ  نے آج اسلام  آباد میں وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کے ساتھ نیوز کانفرنس کی۔ اس نیوز کانفرنس میں عطا تارڑ نے  بتایا کہ دنیا بھر میں ایران جنگ کی وجہ سے پٹرول کا سنگین بحران ہے۔ پٹرول، ڈیزل پاکستان بھر میں وافر دستیاب ہیں، کہیں قلت نہیں ہے۔  پڑوسی ملک میں پیٹرول کیلئے قطاریں لگی ہیں، خطے کے کئی ممالک میں پیٹرول کی قلت ہوگئی ہے۔ لیکن موجودہ صورتحال میں حکومت نے ملک میں پیٹرول کی قلت نہیں ہونے دی۔

 عطا تارڑ  نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت نے ملک میں پیٹرول کی قلت نہیں ہونے دی، وزیراعظم نے بروقت نوٹس لیا جنگ کی وجہ سے سپلائی لائن متاثر ہونے کے باعث پیٹرول کی قیمتیں اوپر گئیں، پیٹرول کے استعمال میں ہم سب کو احتیاط کے ساتھ چلنا ہوگا۔

 وزیراعظم نے چاروں وزرائے اعلیٰ سمیت تمام قومی قیادت کو گزشتہ روز اکٹھا کیا۔  قومی قیادت کو بتایا  کہ اب حکومت کیلئے مہنگائی کا بوجھ اٹھانا مشکل ہوگیا ہے اور  سب سےمشاورت کے بعد پیٹرول کی قیمت میں اضافہ اور  ٹارگٹڈ سبسڈی کا نظام وضع کیا گیا۔

 پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو سبسڈی ملنے سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا، وزیراعظم نے کہا ہے،  میں تب تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک عوام خود کو محفوظ محسوس نہ کریں۔  عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعظم روزانہ اپنے وزرا سے ان کی  کارکردگی پوچھتے ہیں، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے ڈیجیٹل والٹ کا انتظام کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: 48 گھنٹے بعد ان پر قیامت ٹوٹ پڑے گی، ٹرمپ کی ایران کو دھمکی

 مشکل حالات میں ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، کوشش ہے کہ مشکل حالات میں عوام کیلئے سہولت پیدا کریں۔  تیل کی قیمت مستحکم رکھنا چیلنج تھا، تیل کی قیمتیں نہ بڑھانے سے لوگوں کی عید اچھی گزری۔

وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا تھاکہ حکومت غریب آدمی اور کاشتکار کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے، بس مالکان کو اس شرط پر سبسڈی دی جا رہی ہے کہ کرائے نہیں بڑھائے جائیں گے  اور مال بردار گاڑیوں کو اس لیے سبسڈی دی جا رہی ہے ، اشیائے ضروریہ مہنگی نہ ہوں۔

انہوں نے کہاکہ 129 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں سے کاٹ کر عوام کو دیے گئے، وزیراعظم نے مڈل کلاس کو ریلیف دینے کیلئے پیٹرول کی قیمت 80 روپے کم کی، عوام کو بھی پیٹرول کا استعمال سوچ سمجھ کر کرنا ہوگا۔