سوشل میڈیا پر رشتے کی افواہیں: نسیم شاہ نے خاموشی توڑ دی

Apr 03, 2023 | 08:49:AM
سوشل میڈیا پر رشتے کی افواہوں پر پاکستانی کرکٹر نسیم شاہ کی وضاحت سامنے آگئی
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر رشتے کی افواہوں پر پاکستانی کرکٹر نسیم شاہ کی وضاحت سامنے آگئی۔

گزشتہ دنوں پاکستانی کرکٹرز کی شادیوں کا موسم چل رہا تھا، پہلے حارث رؤف، پھر شان مسعود اور پھر شاہین شاہ آفریدی کے بعد شاداب خان بھی شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ ایسے میں شائقین کرکٹ کو نوجوان فاسٹ بولرز نسیم شاہ کی شادی کا بھی بے صبری سے انتظار ہے۔

گزشتہ دنوں نسیم شاہ نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری لگائی جس میں وہ دو بزرگوں کے درمیان مسکراتے ہوئے بیٹھے ہوئے تھے، اُس تصویر پر قومی فاسٹ بولر نے بہتر نوازنے پر شکر گزاری کے ساتھ الحمداللہ لکھا۔

 جیسے ہی یہ انسٹا اسٹوری سوشل میڈیا صارفین نے دیکھی تو نسیم کے رشتے کی چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں، صارفین کا خیال تھا کہ شاید نسیم شاہ کا نکاح ہوگیا یا وہ کسی رشتے میں منسلک ہوگئے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ نسیم شاہ کا نکاح ہوگیا جبکہ ایک نے بات پکی ہونے کا گمان کیا۔

 تاہم سوشل میڈیا پر رشتے کے حوالے سے ہونے والی چہ مگوئیاں پر نسیم شاہ نے خود وضاحت کر دی۔

نسیم شاہ نے لکھا کہ 'آخری تصویر جو میں نے پوسٹ کی وہ میرے نکاح یا منگنی کے بارے میں نہیں تھی، شکر گزار ہونے کا مطلب صرف کسی رشتے میں منسلک ہونا نہیں'۔

انہوں نے درخواست کی کہ براہ مہربانی اسے غلط سمجھنا بند کریں، وہ گھر والوں کے ساتھ افطار کی ایک معمولی تصویر تھی، مجھے امید ہے کہ اب سب واضح ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جب نسیم شاہ سے ایک انٹرویو میں  شادی کا سوال کیا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ یہ سوال ابو سے کریں، وہ جب بولیں گے دلہن تیار ہے تو شادی کرلوں گا۔

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ میں صرف ابو کے کہنے پر ہی شادی کروں گا، وہ جو لڑکی میرے لیے پسند کریں گے میں شادی کرلوں گا۔