پی ٹی آئی کو سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد سے روکا جا رہا ہے؛ ہمایون مہمند
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ہمایوں مہمند نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کر نے سے روکا جا رہا ہے۔
24 نیوز ایچ ڈی کے پروگرام گونج مسعود رضا کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ہمایوں مہمند کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لو گ سیلاب متاثرین کی مدد کرنا چاہتے ہیں مگر ان کو روکا جا رہا ہے کیونکہ اس سے صوبائی حکومت کی تشہیر نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مد د کرنا حوصلہ افزا بات ہے مگر یہ کام صرف تصویروں کے لیے نہیں ہونا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ 2001 سے 2014 تک خیبر پختونخوا میں ٹمبر مافیا نے جنگلات کاٹے مگر پھر بھی جنگلات کے کٹاؤ کا تناسب خیبر پختونخوا میں پنجاب سے کم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ڈیمز کی ضرورت ہے۔
پروگرام میں شریک بیوروچیف 24 نیوز جھنگ نے بتایا کہ رپورٹنگ کی حد صورت حال حوصلہ افزا ہے لیکن سیلاب زدہ علاقوں سے100 فیصد ریسکیو نہیں ہوا۔
اس دوران موسمیاتی تبدیلی کے ماہر نصیر میمن کا کہنا تھا کہ سیلابی پانی بڑھنے کا خدشہ موجود ہے ،ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی موجود ہے مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا،انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی 365 دن کا موضوع ہے جبکہ ہم صرف سیلاب آنے پر جاگتے ہیں۔
پروگرام میں شریک مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما قیصر احمد شیخ نے کہا کہ انتظامیہ نے بہت محنت کی اس لیے سیلاب سے جانی نقصان بہت کم ہوا، ان کا کہنا تھا کہ چنیوٹ کے آس پاس 2 لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں اور ان کو امدا د پہنچائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف SCO اجلاس میں شرکت کے بعد تیانجن سے بذریعہ بلٹ ٹرین بیجنگ پہنچ گئے