خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیاں، 13 خوارج جہنم واصل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور،اویس کیانی) خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف دو مختلف آپریشنز کیے، جن میں 13 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا۔
اسی طرح بنوں میں دوسرا آپریشن کیا گیا جس میں مزید 3 خوارج انجام کو پہنچائے گئے، علاقائی سطح پر خوارج کے خلاف کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق یہ کارروائیاں "عزمِ استحکام" کے تحت انسداد دہشتگردی مہم کا حصہ ہیں اور سکیورٹی فورسز ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:افغان طالبان رجیم کی فتنہ الخوارج کی حمایت اور سرپرستی ایک بار پھر بے نقاب
صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں 13 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا ملک کی حفاظت کے لیے فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے بنوں اور باڑہ میں دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا، ملک کی حفاظت کیلئے سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے،خوارج کے دہشتگردوں اور پشت پناہی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔