ورلڈکپ میں وارنر کا کیچ ڈراپ کرنے پر میسیجز میں گالیاں پڑیں: اسامہ میر

Jan 31, 2024 | 22:23:PM
ورلڈکپ میں وارنر کا کیچ ڈراپ کرنے پر میسیجز میں گالیاں پڑیں: اسامہ میر
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر  اسامہ میر کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں آسٹریلوی اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر کا کیچ ڈراپ کرنے پر لوگوں سے میسیجز میں گالیاں پڑیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر اسامہ میر نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس ستمبر میں بھارت میں کھیلے گئے ون ڈے ورلڈکپ میں ڈیوڈ وارنر کا کیچ ڈراپ کرنے پر لوگوں نے مجھے پرائیویٹ میسیج کرکے گالیاں دیں، آج تک جتنے بھی میچز کھیلا ان میں مجھ سے ڈیوڈ وارنر کا کیچ ہی ڈراپ ہوا لیکن وہ ایک ایسا کیچ تھا جسے کوئی بھی پکڑ سکتا تھا، اس کیچ کے بعد لوگوں کا ردعمل بے حد برا تھا، کہیں لوگوں نے سوشل میڈیا پر میرے لیے برے الفاظ استعمال کیے تو کہیں پرائیویٹ میسیجز کرکے گالیاں دیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’جہاں کھڑا ہوں مطمئن نہیں ‘ بابر اعظم نے ناقدین کو کرارا جواب دے دیا

اسامہ میر نے کہا کہ لوگ آپ کو ایک پرفارمنس سے ڈان بریڈ مین بنا دیتے ہیں تاہم ایک بری پرفارمنس سے یہی لوگ آپ کو پرچی اور نہ جانے کیا کیا بنا دیتے ہیں، پاکستانی عوام کو ہمیں سپورٹ کرنا چاہیے کیونکہ ہم اپنے ملک کیلئے کھیل رہے ہیں نہ کہ کسی اور ملک کیلئے کھیلتے ہیں، ہم بھارت میں میچز کے دوران اچھی پرفارمنس نہیں دے سکے جس کا افسوس ہے۔

پاکستان ٹیم میں شمولیت کے سفر پر اسامہ میر نے کہا کہ میرا پاکستان ٹیم میں شامل ہونے کا سفر ایک رولر کوسٹر کی طرح ہے، ٹیم میں شمولیت سے قبل بھی پاکستان چھوڑنے کا ارادہ نہیں کیا تھا، انگلینڈ میں میری فیملی موجود ہے اور میں وہاں کلب کرکٹ کیلئے جاتا رہا ہوں، کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل)کے دوران عبدالرزاق نے مجھے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کیلئے پک کیا، اس کے بعد میں نے سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کی جس کے بعد میری پرفارمنسز دیکھ کر سابق چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے مجھے قومی ٹیم کیلئے منتخب کر لیا۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے 18 ویں میچ میں پہلے اسامہ میر اور پھر عبد اللہ شفیق نے ڈیوڈ وارنر کا کیچ ڈراپ کیا تھا، ڈیوڈ وارنر 10 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ اس وقت شاہین آفریدی کی گیند پر اسامہ میر نے وارنر کا کیچ چھوڑ دیا تھا، اس میچ میں ڈیوڈ وارنر نے 9چھکوں اور 14چوکوں کی مدد سے 124گیندوں پر 163رنز کر کے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔