وزیر آباد میں اونچے درجے کا سیلاب،پھالیہ کے 70 دیہات زیرآب، راوی کے بہاؤ میں اضافہ

Aug 31, 2025 | 19:05:PM
 وزیر آباد میں اونچے درجے کا سیلاب،پھالیہ کے 70 دیہات زیرآب، راوی کے بہاؤ میں اضافہ
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب کے باعث معمولات زندگی متاثر ہیں ، پھالیہ بھی سیلاب سے برُی طرح متاثر ہوا ہے جبکہ وزیرآباد میں  اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، دریائے راوی میں پانی کے بہاو میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دریائے چناب میں  بھی کٹاو کا سلسلہ جاری ہے۔

دریائے چناب میں حالیہ سیلاب سے ضلع پھالیہ  کی 62 کلومیٹر طویل دریائی بیلٹ متاثر ہوئی،ڈپٹی کمشنر  کے مطابق 70 دیہات زیر آب آئے، 60 دیہاتوں سے پانی نکل چکا، ایک لاکھ آبادی، 77 ہزار ایکڑ پر فصلیں متاثر ہوئیں۔

فیصل سلیم کے مطا بق متاثرہ علاقوں میں فوڈ ہیمپرز اور مویشیوں کا ونڈا فراہم کیا جارہا ہے، سیلاب کے دوران دو افراد جاں بحق اور تین مویشی کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوئے۔

وزیرآباد انتظامیہ کی طرف سے دوبارہ سیلابی صورتحال کے خدشے کے باعث انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے،   اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کی طرف سے مساجد میں لوگوں کو سیلاب سے بچاو کیلئے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔

 پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطا بق دریائے راوی  میں  شاہدرہ اور سائفن کے مقام پر پانی کی سطح میں معمولی اضافہ ہوا ہے ،  جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 78 ہزار 300کیوسک ہے۔

سائفن کے مقام پر پانی کا بہاو 78ہزار   300، شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 77 ہزار 430 کیوسک ، بلوکی ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 97 ہزار 170  کیوسک ہے۔ دریائے راوی میں  ہیڈ سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 49 ہزار 554کیوسک ہے۔

ملتان میں  دریائے چناب کے مقام ہیڈ محمد والا پر  پانی کے تیز بہاو کے باعث میں شدید کٹاؤ جاری ہے ،  تریموں بیراج پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 45 ہزار کیوسک سے تجاوز کرگیا، سنگین صورتحال کے پیش نظر 4 لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد  کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

3 لاکھ 60 ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے، ہیڈ محمد والا پر عوام کی بڑی تعداد سیلاب دیکھیے کے لیے بھی موجود ہے جبکہ دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ بتدریج بڑھنے لگا ہے۔  
 سیلابی ریلے سے قبل پانی بستیوں میں داخل ہو گیا، لوگوں کے مکانات،فصلیں، باغ ، سولر پانی میں ڈوب گئے ، ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ پل کو بچانے کے لیے حفاظتی بند توڑے جانے کا امکان ہے ،  ریسکیو کی جانب سے آپریشن تیز کر دیا گیا ہے ۔

دریں اثنا پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ 36 گھنٹوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے ،  پی ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام سپل ویز کھولے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا  نے بتایا کہ بھارت نے آفیشلی دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کی وارننگ نہیں دی،پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی دی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ آئندہ 2 روز میں بڑا سیلابی ریلا ہیڈ مرالہ کے مقام تک پہنچ سکتا ہے،ریلے سے دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے، تمام اضلاع کی انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے لیے ہائی الرٹ رہے۔

عرفان علی کاٹھیا  نے  کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز تمام افسران کی موجودگی کو فیلڈ میں یقینی بنانے کی ہدایت کی ،  تمام ادارے موجودہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فیلڈ میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت نے سلال ڈیم کے تمام دروازے کھول دئیے