بجٹ 24-2023 قومی اسمبلی سے منظور

Jun 25, 2023 | 13:57:PM
بجٹ 24-2023 قومی اسمبلی سے منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )قومی اسمبلی نے بجٹ 24-2023 منظور کر  لیا ہے، وفاقی بجٹ کا کل تخمینہ 14  ہزار 480 ارب روپے  ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی نے فنانس بل  24-2023 کی کثرت رائے سے منظوری دے دی ،وفاقی بجٹ کا کل تخمینہ 14 ہزار 480 ارب روپے ہے، وفاقی ترقیاتی بجٹ ساڑھے 900 ارب روپے ہوگا،حکومت کی جانب سے بہت سے ترامیم بھی کی گئی ہیں، پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی حد 50 روپے سے بڑھا کر 60 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے، جس کے بعد آئی ایم ایف معاہدے کی ایک اور شرط پوری ہوگئی ہے۔

بجٹ میں ٹیکس  وصولیوں کا ہدف 9 ہزار  200 سے  بڑھا  کر  9 ہزار 415 ارب  روپے مقرر کیا گیا ہے،  پنشن ادائیگی 761 ارب سے بڑھا کر 801 ارب کردی گئی ہے،آئندہ مالی سال کے منظور شدہ بجٹ کے مطابق این ایف سی کے تحت 5 ہزار 276 ارب روپے کے بجائے 5 ہزار 390 ارب  روپے ملیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول پھر سے مہنگا؟ حکومت نے عوام کو بڑا جھٹکا دے دیا

فنانس بل میں مزید ترمیم کے تحت 215 ارب کے نئے ٹیکس عائد کیےگئے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم 459 ارب روپےکے بجائے 466 ارب روپے کردی گئی ہے،پرانی ٹیکنالوجی والے پنکھوں اور  پرانے بلب  پریکم جنوری 2024 سے اضافی ٹیکسوں کے نفاذکی ترمیم منظور کی گئی ہے، یہ  ترمیم وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار  نے پیش کی۔

اب پرانی ٹیکنالوجی والے پنکھوں پر یکم  جنوری 2024 سے 2 ہزار روپے فی پنکھا ٹیکس عائدہوگا، پرانے بلب پر  یکم جنوری 2024 سے 20 فیصد ٹیکس عائد  ہوگا۔

ایک اور ترمیم اپوزیشن رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے پیش کی جس کے تحت چیئرمین قائمہ کمیٹی 1200 سی سی گاڑی استعمال کر سکیں گے، اس ترمیم کو بھی منظؤر کر لیا گیا۔ 

ایوان نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے پیش کی گئی فنانس بل کی شق تین بھی منظر کر لی جس کے تحت 3 ہزار 200 ارب کے زیر التوا 62 ہزار کیسز کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی، کمیٹی کے فیصلے کیخلاف ایف بی آر اپیل دائر نہیں کر سکے گا تاہم متاثرہ شخص عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا سکے گا۔