مریم کی پیشی۔۔ قانون بلائے تو بدمعاشوں کے جتھے لیکر جائیں۔۔ پاکستان بنانا ری پبلک نہیں۔۔شبلی فراز

Mar 23, 2021 | 18:34:PM
مریم کی پیشی۔۔ قانون بلائے تو بدمعاشوں کے جتھے لیکر جائیں۔۔ پاکستان بنانا ری پبلک نہیں۔۔شبلی فراز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) تحریک انصاف کے رہنما سینٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ماضی میں اداروں کو مفلوج کیا گیا اور قانون صرف عام لوگوں کیلئے تھا ہم نے اس کلچر کو تبدیل کردیا ہے، تحریک انصاف اور عمران خان نیا پاکستان کا مقصد لیکر نکلے ہیں۔ ہر ایک کو مساوی مواقع انصاف کا بول بالا ہو اقتصادی مواقع سب کیلئے ہوں اسی کیلئے عمران خان دن رات کام کررہے ہیں۔ یہ سفر اسی منزل کی جانب گامزن ہے جو 23 مارچ کو طے کیا گیا تھا سمت درست ہوچکی ہے ۔
ایف نائن پارک میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ماضی میں جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کرکے انہیں بااثر بنا دیا گیا اس کلچر کو بھی ختم کرنا ہے۔انہوں نے کہا ماضی میں جرائم پیشہ قبضہ گروپوں کی پشت پناہی کرنے والے آج نیب کی طلبی پر جواب دینے کی بجائے لشکر کشی کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایسا معاشرہ نہیں چاہتے جس میں اشرافیہ غلط طریقے سے بنائی ہوئی دولت کے دفاع کیلئے قانون کے سامنے پیش ہو تو جتھے لیکر اداروں پر لشکرکشی کریں اور اداروں کامذاق اڑائیں، ہمارے ہاں ایک ایسی روش شروع کردی گئی ہے جس نے معاشرے کے اخلاقی معیار کو تباہ وبرباد کردیا آج کرپشن کوکرپشن نہیں سمجھا جاتا اور اشرافیہ قانون کا مذاق اڑا رہا ہے۔
انہوں نے کہا جو سوچ قانون کو گھر کی لونڈی سمجھتی ہے وہ سیاست نہیں بلکہ ذاتی مفادات کو تحفظ دیتی ہے، سب کو معلوم ہے کہ بلاول بھٹو نے شریف خاندان کی بات کی ہے۔ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ بعض عناصراپنی دولت اور جائیدادیں بچانے کیلئے برسرپیکار ہیں ایک عام مجرم کو قانون بلائے تو بجائے پیش ہونے کے بعدبدمعاشوں کا جتھہ لیکر جائیں تو ایسا نہیں ہوگایہ ملک بناناری پبلک نہیں۔
سنیٹر شبلی فرازنے کہا پاکستان کے قیام کیلئے بے شمار قربانیاں دی گئیں۔ قائداعظم محمد علی جناح ؒنے اپنے ساتھیوں سے ملکر اپنی منزل حاصل کی۔ اس کا مقصد ایک ایسا ملک حاصل کرنا تھا جس میں قانون آئین کی بالادستی ہو، اس ملک کیلئے افواج پاکستان سکیورٹی فورسز اور عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں اس جدوجہد میں خواتین نے بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیا ہے۔ ایسے ایام منانے کا مقصد اپنی تاریخ کے سفرکے بنیادی مقاصد کو دیکھنا ہے ۔ شبلی فراز نے کہا کہ براڈشیٹ رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی ہے اس رپورٹ کا جائزہ مکمل کرنے کے بعد تفصیلات قوم کے سامنے رکھیں گے، رپورٹ کے مطابق ہی قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ا
 انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کی پہلی لہر کو جس کامیابی سے شکست دی اس طرح تیسری لہر پر بھی قابو پالیں گے اس کیلئے عوام کی حمایت کا تائید بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ 26مارچ کو نیب نے مریم نواز کو طلب کر رکھا ہے اور اطلاع ہے کہ مریم نواز ہزاروں کارکنوں کے ساتھ نیب آفس جائیں گی جبکہ لیگی کارکنوں نے مریم نواز کی گرفتاری کی صورت میں نیب آفس کے سامنے دھرنا دینے کا بھی پروگرام بنا رکھا ہے۔