روپے کی قدر میں بہتری ، ڈالر مزید سستا ہو گیا

Sep 22, 2023 | 10:34:AM
روپے کی قدر میں بہتری ، ڈالر مزید سستا ہو گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک ) معاشی گراوٹ کا شکار پاکستانی روپے کی قدر بحالی کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے جاری ہے، کاروباری روز کے آغاز پر  روپے نے  ڈالر کے مقابلے میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کے آغاز پر ڈالر ایک روپے 8 پیسے سستا ہوا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 291 روپے 70 پیسے  ہو گئی ہے ، گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر ایک روپے 10 پیسے سستا ہوکر 292 روپے 78 پیسے پر بند ہوا تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 296 روپے پر برقرار ہے۔

دوسری جانب نگراں وزیر برائے تجارت گوہر اعجاز نے پیش گوئی کی ہے کہ ڈالر کی قیمت 260 روپے تک آجائے گی،لاہور میں وزیر توانائی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں، ٹیکسٹائل صنعت حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور انرجی ہمارے لیے سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے ڈالر 260 پر آنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ آج 260 روپے ایکسچینج ریٹ بنتا ہے، جس نے ڈالر اگر باہر روکے ہوئے ہیں وہ منگوا لیں اور جس کے پاس بھی امریکی کرنسی ہے وہ اسے وائٹ کروالیں۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ ہم نے ریاست کے ساتھ چلنا ہے اور تجارت انبیا کا پیشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال ایکسپورٹ 37 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس میں سے ساڑھے سات ارب ڈالر کا ہدف ٹیکسٹائل پورا کرے گی جبکہ ڈھائی ارب ڈالر باقی صنعت پورا کرے گی۔